سونے سے پہلے موبائل فون کا استعمال نیند کے لیے خطرناک، تحقیق میں انتباہ

ماہرین صحت نے خبردار کیا ہے کہ بستر پر لیٹ کر صرف ایک گھنٹہ موبائل استعمال کرنا بھی نیند پر منفی اثر ڈال سکتا ہے۔

دنیا بھر سمیت پاکستان میں بھی موبائل فون کا استعمال تیزی سے بڑھ رہا ہے، مگر ماہرین کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے اعتدال پسندی اختیار کرنا ناگزیر ہے۔

ناروے کے انسٹیٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ کی ایک تحقیق میں 45 ہزار یونیورسٹی طلبہ کا مطالعہ کیا گیا، جس سے پتا چلا کہ وہ نوجوان مرد و خواتین جو سونے سے قبل ایک گھنٹہ بھی اسمارٹ فون استعمال کرتے ہیں، ان میں نیند کی کمی یا بے خوابی کا خطرہ 59 فیصد تک بڑھ جاتا ہے۔

ماہرین کے مطابق یہ معمول نیند کے دورانیے اور معیار کو شدید متاثر کرتا ہے، جس کے باعث جسمانی و ذہنی صحت پر منفی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔ اس لیے سونے سے پہلے موبائل فون کا استعمال ترک کرنا فائدہ مند ہے۔

تحقیق میں مزید بتایا گیا کہ روزانہ کم از کم سات گھنٹے کی پرسکون نیند انسان کی جسمانی توانائی، ذہنی توازن اور موڈ کے لیے نہایت اہم ہے۔ نیند کی کمی افراد کو تھکن، ذہنی دباؤ اور افسردگی کا شکار بنا سکتی ہے۔

کیٹاگری میں : صحت

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں