اداکارہ کومل میر نے گریجویشن کرلی

لاہور۔ معروف ماڈل و اداکارہ کومل میر کی لندن کے ایک تعلیمی ادارے سے گریجویشن کی ڈگری حاصل کرنے کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔

اداکارہ نے انسٹاگرام پر اپنی گریجویشن تقریب کی جھلکیاں شیئر کیں، جن میں انہیں کانووکیشن کے دوران ڈگری وصول کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ تصاویر اور ویڈیوز میں کومل میر کو روایتی یونیورسٹی گاؤن اور ہیٹ میں اسٹیج پر موجود دیکھا گیا، جبکہ ان کے ہمراہ ان کی والدہ اور بھائی بھی موجود تھے جن کے ساتھ انہوں نے خصوصی تصاویر بھی پوسٹ کیں۔

اگرچہ کومل میر نے اپنے تعلیمی شعبے سے متعلق کوئی واضح معلومات فراہم نہیں کیں، تاہم ذرائع کے مطابق انہوں نے قانون (Law) کے شعبے میں ڈگری حاصل کی ہے۔ ایک ویڈیو کلپ میں انہیں قانون کے احترام کی بات کرتے ہوئے سنا جا سکتا ہے، جس سے یہ عندیہ ملتا ہے کہ انہوں نے ممکنہ طور پر ایل ایل بی کی تعلیم مکمل کی ہے، تاہم اس بارے میں حتمی طور پر کچھ نہیں کہا جا سکتا۔

اداکارہ کی تعلیمی کامیابی پر سوشل میڈیا صارفین نے ملے جلے ردعمل کا اظہار کیا۔ کچھ صارفین نے حیرانی کا اظہار کرتے ہوئے سوال اٹھایا کہ کومل میر اپنی مصروف شوبز سرگرمیوں اور سوشل میڈیا پر فعال ہونے کے باوجود تعلیم کیسے مکمل کر پائیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں