بھارت نے بلاول بھٹو زرداری اور عمران خان کا بھی ایکس اکاؤنٹ بلاک کر دیا

نئی دہلی ۔بھارت کی جانب سے اظہارِ رائے پر قدغن کے ایک اور اقدام کے تحت وزیراعظم پاکستان شہباز شریف، ڈی جی آئی ایس پی آر، اور وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ کے بعد چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور بانی پی ٹی آئی عمران خان کے سوشل میڈیا پلیٹ فارم “ایکس” (سابق ٹوئٹر) پر موجود اکاؤنٹس بھی بلاک کر دیے گئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق یہ اقدام بھارت کی جانب سے آزادی اظہار رائے پر سنسرشپ کی پالیسی کا تسلسل ہے، جو مبینہ طور پر پہلگام فالس فلیگ آپریشن کے بعد عالمی سطح پر حقائق کو دبانے کی کوششوں کا حصہ ہے۔

میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ بھارتی حکومت، فالس فلیگ آپریشن کی حقیقت دنیا کے سامنے آنے کے بعد، پاکستانی سیاسی رہنماؤں کی آوازیں دبانے کی کوشش کر رہی ہے۔ اس سلسلے میں معروف سیاسی شخصیات کے ایکس اکاؤنٹس بلاک کیے جا رہے ہیں۔

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کا اکاؤنٹ بھارت میں بلاک کیے جانے پر پارٹی کی نائب صدر سینیٹر شیری رحمان نے سخت ردعمل دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت سچ سے خوفزدہ ہے اور پہلگام واقعے پر پاکستان کے مؤقف کو تقویت دینے والے اقدامات کر رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سچائی آوازیں دبانے سے نہیں چھپائی جا سکتی، اور بلاول بھٹو پاکستان کے عوام کی نمائندگی کرتے ہیں۔

شیری رحمان نے کہا کہ بھارت اگر شواہد رکھتا ہے تو انہیں دنیا کے سامنے لائے، بجائے اس کے کہ وہ سنسرشپ کے ذریعے اپنی پوزیشن بچانے کی کوشش کرے۔ انہوں نے تنقیدی آوازوں کو دبانے کی کوششوں کو نہ صرف پاکستان بلکہ عالمی برادری کے لیے باعثِ تشویش قرار دیا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ کا ایکس اکاؤنٹ بھی بھارت میں بلاک کر دیا گیا تھا۔ انہوں نے بین الاقوامی میڈیا پر بھارت کی ریاستی پالیسیوں، انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور کشمیری عوام پر مظالم کو مؤثر انداز میں اجاگر کیا، جس پر ردعمل کے طور پر ان کا اکاؤنٹ بلاک کر دیا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں