صدر مملکت سے چینی سفیر کی ملاقات، پاک بھارت صورتحال پر گفتگو

اسلام آباد ۔پاکستان میں تعینات چینی سفیر چیانگ زئے ڈونگ نے ایوانِ صدر میں صدرِ پاکستان آصف علی زرداری سے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور خاص طور پر پہلگام واقعے کے بعد پاکستان اور بھارت کے مابین پیدا شدہ تناؤ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

صدر آصف علی زرداری نے بھارت کی حالیہ اشتعال انگیز اور غیر ذمہ دارانہ بیانات پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات خطے کے امن اور استحکام کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔

ملاقات میں چینی سفیر نے چین اور پاکستان کے درمیان دیرینہ، پائیدار اور آزمودہ دوستی کو دہراتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک “آہنی بھائی” ہیں، جو ہر مشکل وقت میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔

انہوں نے خطے میں امن و امان کی پاکستانی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ چین ہمیشہ جنوبی ایشیا میں استحکام کی مشترکہ خواہش کی تکمیل کے لیے پاکستان کی حمایت جاری رکھے گا۔

صدر مملکت نے مشکل حالات میں چین کی مسلسل حمایت پر چینی حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کا باہمی اعتماد اور تعاون علاقائی امن کے لیے ایک مضبوط بنیاد فراہم کرتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں