علی سسٹرز نے یو ایس اے جونیئر ویمن گولڈ سکواش چیمپئن شپ جیت لی

اسلام آباد ۔پاکستان کی باصلاحیت علی سسٹرز نے ایک مرتبہ پھر بین الاقوامی سطح پر ملک کا نام روشن کر دیا۔پشاور سے تعلق رکھنے والی سحرش علی نے نیویارک میں ہونے والی یو ایس اے جونیئر ویمن گولڈ اسکواش چیمپئن شپ کے گرلز انڈر 15 فائنل میں اپنی بڑی بہن ماہ نور علی کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔

اس شاندار مقابلے میں سحرش نے ماہ نور کو حیران کن انداز میں 0-3 سے زیر کر کے گولڈ میڈل جیتا، جبکہ ماہ نور علی نے سلور میڈل حاصل کیا۔

اس سے قبل سیمی فائنلز میں ماہ نور علی نے امریکہ کی ہیلسز سوئیٹ ایم کو با آسانی 0-3 سے شکست دی، جبکہ سحرش علی نے جولی یی کے خلاف 1-3 سے کامیابی حاصل کی تھی۔

یہ پہلا موقع نہیں کہ علی سسٹرز نے پاکستان کے لیے عالمی سطح پر اعزازات حاصل کیے ہوں۔ چند ہفتے قبل میلبورن میں منعقدہ آسٹریلین جونیئر ویمن اسکواش چیمپئن شپ میں بھی تینوں بہنوں نے اپنی مہارت کا لوہا منوایا تھا۔

ماہ نور علی نے انڈر 13 کیٹیگری میں گولڈ میڈل جیتا، سحرش علی نے انڈر 15 فائنل میں جگہ بنا کر سلور میڈل حاصل کیا، جبکہ بڑی بہن مہوش علی نے انڈر 17 مقابلے کا ٹائٹل جیت کر پاکستان کے لیے ایک اور گولڈ میڈل سمیٹا۔

علی سسٹرز کی یہ کامیابیاں نہ صرف اسکواش کے میدان میں ان کی لگن اور مہارت کا ثبوت ہیں بلکہ پاکستان کے لیے ایک فخر کا مقام بھی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں