لاہور۔پاکستانی شوبز انڈسٹری کی باصلاحیت اداکارہ منشا پاشا نے حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں شرکت کے دوران اپنی ذاتی زندگی سے متعلق اہم انکشافات کیے۔ احمد علی بٹ کے پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے اپنی پہلی ناکام شادی اور جبران ناصر سے دوسری شادی کے سفر پر کھل کر بات کی۔
منشا پاشا کا کہنا تھا کہ ان کی خودمختاری اور صاف گوئی شاید پہلی شادی کی ناکامی کی جزوی وجہ بنی ہو، مگر یہ واحد عنصر نہیں تھا۔ انہوں نے تسلیم کیا کہ اُس وقت وہ اپنی ذات اور زندگی کے مختلف پہلوؤں کو لے کر ایک غیر یقینی کیفیت کا شکار تھیں۔
انہوں نے بتایا کہ پہلی شادی ان کا اپنا فیصلہ تھا، اور اس تجربے نے انہیں اندرونی طور پر نکھارا، انہیں زیادہ سمجھدار اور مضبوط انسان بنایا۔
اداکارہ نے معاشرتی دباؤ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ کئی لوگ محض سماجی توقعات کے تحت شادیاں کر لیتے ہیں، جو کبھی کامیاب ہو جاتی ہیں اور کبھی ناکام۔ تاہم، جبران ناصر سے اپنی شادی کو انہوں نے ایک خوبصورت اور غیر متوقع موڑ قرار دیا، جو ان کے لیے کسی نعمت سے کم نہیں۔
منشا کا کہنا تھا کہ جبران ناصر کے ساتھ ان کا رشتہ بغیر کسی طے شدہ منصوبے کے، قدرتی طور پر پروان چڑھا اور آج وہ اپنی ازدواجی زندگی میں خوش اور مطمئن ہیں۔