لاہور: چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے قومی ٹیم کے نئے ہیڈ کوچ کے طور پر نیوزی لینڈ کے سابق کرکٹر اور تجربہ کار کوچ مائیک ہیسن کی تقرری کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔
محسن نقوی نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنے پیغام میں کہا کہ وہ اس اعلان پر خوشی محسوس کر رہے ہیں کہ مائیک ہیسن 26 مئی سے پاکستان کرکٹ ٹیم کے وائٹ بال (ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی) کوچ کی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس عہدے کے لیے موصول ہونے والی درجنوں درخواستوں کا جائزہ لینے کے بعد مائیک ہیسن کو منتخب کیا گیا، جن کا کوچنگ میں وسیع تجربہ اور جدید حکمت عملی کے حوالے سے بہترین شہرت ہے۔
اس سے قبل اطلاعات گردش کر رہی تھیں کہ اسلام آباد یونائیٹڈ کے کوچ اور پی ایس ایل 9 کے کامیاب سیزن کے معمار مائیک ہیسن کو پی ایس ایل 10 کے بعد قومی ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کیے جانے کا امکان ہے، جو اب باقاعدہ اعلان کی صورت میں سامنے آ چکا ہے۔
مائیک ہیسن کا کوچنگ کیریئر:
مائیک ہیسن نیوزی لینڈ کی قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ رہ چکے ہیں۔
وہ آئی پی ایل فرنچائز رائل چیلنجرز بنگلور میں ڈائریکٹر آف کرکٹ کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔
پی ایس ایل 9 میں انہوں نے اسلام آباد یونائیٹڈ کی کامیابی میں کلیدی کردار ادا کیا، جو ان کا لیگ میں پہلا سیزن تھا۔