لاہور۔قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مصباح الحق کو ایک بار پھر پاکستان ٹیم میں اہم ذمے داری سونپے جانے کا امکان ہے۔
گزشتہ دنوں چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی نے وائٹ بال ٹیم (ون ڈے اور ٹی20) کے لیے مائیک ہیسن کو ہیڈ کوچ مقرر کرنے کا اعلان کیا۔ اس کے فوراً بعد اطلاعات سامنے آئیں کہ پی سی بی نے اُن مینٹورز کو عہدوں سے ہٹا دیا ہے جو پچاس پچاس لاکھ روپے ماہانہ تنخواہ وصول کر رہے تھے۔
ان میں سابق کپتان مصباح الحق کے ساتھ ساتھ سرفراز احمد، شعیب ملک، وقار یونس اور ثقلین مشتاق بھی شامل تھے۔
پی سی بی سابق کپتان مصباح الحق اور سرفراز احمد کو تنظیم میں دیگر اہم کردار سونپنے پر غور کر رہا ہے۔
دوسری طرف، ذرائع کا کہنا ہے کہ مصباح الحق کو پاکستان ٹیسٹ ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کیے جانے کا امکان ہے۔
اس حوالے سے سابق ٹیسٹ کرکٹر باسط علی نے بھی سوشل میڈیا پر ایک پیغام میں مصباح الحق کو مبارکباد دی ہے، جس سے اس خبر کو مزید تقویت ملی ہے۔تاہم، تاحال پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے مصباح الحق کی بطور ہیڈ کوچ تقرری کی باضابطہ تصدیق نہیں کی گئی ہے۔