نئی دہلی ۔انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کی ٹیم پنجاب کنگز کی شریک مالک اور معروف اداکارہ پریتی زنٹا، آسٹریلوی کرکٹر گلین میکسویل کے ساتھ شادی نہ کرنے سے متعلق سوال پر ناراض ہو گئیں۔
حال ہی میں، پریتی زنٹا نے سوشل میڈیا پر مداحوں کے ساتھ گفتگو کا ایک سیشن رکھا، جس دوران ایک صارف نے اُن سے سوال کیا کہ کیا گلین میکسویل نے اس لیے ٹیم کے لیے عمدہ کارکردگی نہیں دکھائی کیونکہ اُن کی آپ سے شادی نہیں ہوئی؟
اس سوال پر اداکارہ نے سخت ردعمل کا اظہار کیا اور کہا:“کیا آپ یہی سوال مرد ٹیم مالکان سے بھی کرتے؟ یا یہ امتیازی رویہ صرف خواتین کے لیے مخصوص ہے؟ اگر میں کرکٹ سے وابستہ نہ ہوتی تو کبھی نہ جان پاتی کہ کارپوریٹ دنیا میں ایک خاتون کے لیے کام کرنا کتنا مشکل ہوتا ہے۔”
پریتی زنٹا نے مزید کہا:مجھے اندازہ ہے کہ یہ سوال شاید مذاق میں کیا گیا ہوگا، لیکن یہاں موجود افراد بخوبی سمجھ سکتے ہیں کہ اس کے پیچھے کیا سوچ کارفرما ہے۔ میں گزشتہ 18 سال سے سخت محنت کر رہی ہوں اور اپنی جگہ بنائی ہے، لہذا مجھے وہ عزت دیجیے جس کی میں مستحق ہوں، اور مہربانی کر کے صنفی بنیاد پر سوالات سے اجتناب کیجیے۔”