وزیر اعظم شہبازشریف گلگت بلتستان پہنچ گئے،سیلاب کے متاثرہ علاقوں کا دورہ

وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف ایک روزہ سرکاری دورے پر گلگت پہنچے، جہاں گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ نے ان سے ملاقات کی اور حالیہ شدید بارشوں کے باعث پیدا ہونے والی سیلابی صورتحال اور اس کے نقصانات پر تفصیلی بریفنگ دی۔وزیر اعظم نے متاثرہ علاقوں کا دورہ بھی کیا۔

وزیرِ اعظم آفس کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق، گورنر نے وزیرِ اعظم کو علاقے میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت اور امن و امان کی مجموعی صورتحال سے بھی آگاہ کیا۔

اس موقع پر حالیہ سیلاب اور بارشوں کے باعث جاں بحق افراد کے لیے دعائے مغفرت بھی کی گئی۔

اس سے قبل وزیرِ اعظم کی گلگت آمد پر گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ اور وزیرِ اعلیٰ گلبر خان نے ان کا پرتپاک خیر مقدم کیا۔

وزیرِ مواصلات عبدالعلیم خان، وزیرِ اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، وزیرِ امور کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام، وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی ڈاکٹر مصدق ملک، وزیرِ اعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ اور کوارڈینیٹر شبیر عثمانی بھی اس دورے میں وزیرِ اعظم کے ہمراہ ہیں۔

وزیرِ اعظم گلگت میں حالیہ بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ افراد سے ملاقات کریں گے اور انہیں امدادی رقوم فراہم کریں گے۔

مزید برآں، وزیرِ اعظم کو گلگت بلتستان میں بارشوں کے سبب ہونے والے جانی و مالی نقصانات پر تفصیلی بریفنگ دی جائے گی اور وہ گورنر و وزیرِ اعلیٰ گلگت بلتستان سے بھی علیحدہ ملاقاتیں کریں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں