ڈی جی آئی ایس پی آر کا کیڈٹ کالج پلندری کا دورہ، شرکاء کا افواج پاکستان کو خراج تحسین

ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کیڈٹ کالج پلندری کا دورہ کیا اور طلباء و اساتذہ کے ساتھ ایک خصوصی نشست میں شرکت کی۔ اس موقع پر معرکۂ حق میں بھارت کو ملی شرمناک شکست پر شرکاء نے پاک فوج کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔

کالج کے طلباء اور اساتذہ نے کہا کہ لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف کے مدلل جوابات اور وضاحتوں نے ان کی رہنمائی کی اور وہ ان کے شکر گزار ہیں۔ پرنسپل کیڈٹ کالج پلندری نے اپنے تاثرات میں کہا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر کی باتوں اور عزم نے ہمارے حوصلوں کو مزید جلا بخشی ہے۔

شرکاء کا کہنا تھا کہ ذمہ دار شہری ہونے کے ناطے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی خبروں کی تحقیق ضروری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر بھارت نے دوبارہ جارحیت کی تو اسے ایک بار پھر ذلت اور ناکامی کا سامنا کرنا پڑے گا۔

نشست میں شریک افراد نے بطور کشمیری اپنے پختہ عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور پاکستان و کشمیر کو کوئی طاقت ایک دوسرے سے جدا نہیں کر سکتی۔ انہوں نے کہا کہ بانیٔ پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے فرمان کے مطابق کشمیر ہمیشہ پاکستان کا حصہ رہا ہے اور رہے گا۔

شرکاء نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر کی گفتگو سے انہیں وطن کے دفاع میں پاک فوج کے کردار اور قربانیوں کو سمجھنے کا موقع ملا۔ اس دوران کیڈٹ کالج پلندری کے پہلے شہید میجر رب نواز طارق کی عظیم قربانی کو بھی خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ طلباء و اساتذہ نے اعادہ کیا کہ وہ ہر بھارتی جارحیت کے خلاف پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں