مسئلہ کشمیر اور فلسطین کے حل کے بغیر دنیا کا امن ادھورا ہے، صدر مملکت

صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ فلسطین اور مقبوضہ کشمیر کے مسائل کے حل کے بغیر دنیا میں حقیقی امن قائم نہیں ہو سکتا۔

عالمی یومِ امن کے موقع پر اپنے پیغام میں صدر زرداری نے کہا کہ یہ دن صرف جنگ نہ ہونے کی علامت نہیں بلکہ انصاف اور مساوات کے فروغ کی یاد دہانی بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان عالمی اور علاقائی امن کے قیام میں ہمیشہ فعال کردار ادا کرتا رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے دنیا کی مختلف متحارب قوتوں کے ساتھ متوازن تعلقات قائم رکھے ہیں اور عالمی برادری پاکستان کو مسائل کے حل میں ایک اہم شراکت دار کے طور پر دیکھتی ہے۔

صدر زرداری نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ انصاف اور امن کی خاطر اپنی آواز بلند کی ہے۔ انہوں نے اس موقع پر ذوالفقار علی بھٹو اور بے نظیر بھٹو کے عالمی امن کے لیے جرات مندانہ کردار کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔

صدر کے مطابق اقوامِ متحدہ کے امن مشنز میں پاکستان کی خدمات نمایاں ہیں جبکہ ملک نے ہمیشہ قدرتی آفات اور تنازعات سے متاثرہ افراد کی مدد کی ہے۔ انہوں نے نوجوان نسل پر زور دیا کہ وہ رواداری، برداشت اور مکالمے کی اقدار کو اپنائیں۔

اپنے پیغام میں صدر آصف زرداری نے کہا کہ دنیا کو ہتھیاروں کے بجائے بات چیت اور تعاون کو ترجیح دینا ہوگی۔ پاکستان ایک پرامن، انصاف پر مبنی اور پائیدار دنیا کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں