نیو یارک۔اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے لندن کے میئر صادق خان پر شدید تنقید کی۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق صدر ٹرمپ نے الزام عائد کیا کہ لندن کے میئر شرعی قوانین نافذ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا، “میں لندن کو دیکھتا ہوں جہاں ایک انتہائی خوفناک میئر ہے اور اب وہ شریعت نافذ کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔”
صدر ٹرمپ نے مزید کہا کہ برطانیہ اب بالکل مختلف ملک محسوس ہوتا ہے اور میئر لندن اس طرح کے اقدامات نہیں کر سکتے۔
یاد رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ اور صادق خان کے درمیان پہلے بھی کشیدگی رہی ہے۔ صادق خان نے سابق امریکی صدر کی امیگریشن پالیسیوں اور اسلام مخالف بیانات کی مخالفت کی تھی، جس کے بعد ٹرمپ نے میئر لندن کو تنقید کا نشانہ بنایا اور شہر میں بڑھتی ہوئی جرائم کی شرح کو تنقیدی موقف کے طور پر پیش کیا۔
ماہرین کے مطابق امریکی صدر کا یہ بیان نہ صرف برطانیہ کے اندرونی معاملات میں مداخلت ہے بلکہ مذہبی اختلافات کو ہوا دینے والا بھی ہو سکتا ہے۔ توقع کی جا رہی ہے کہ برطانوی حکومت اور لندن کے میئر کے دفتر کی جانب سے اس پر سخت ردعمل سامنے آئے گا۔











