گردشی قرض کا حل توانائی شعبے کے دیرینہ مسائل کے حل میں بڑی پیش رفت ہے، وزیر خزانہ

اسلام آباد:وفاقی وزیرِ خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ بجلی کے شعبے میں 1225 ارب روپے کے گردشی قرضے کے مسئلے کا حل مالی نظم و ضبط قائم کرنے، سرمایہ کاروں کے اعتماد کو مستحکم کرنے اور توانائی کے دیرینہ مسائل کے خاتمے کی جانب ایک بڑی کامیابی ہے۔

وزارتِ خزانہ کے جاری اعلامیے میں اس پیش رفت کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے بتایا گیا کہ یہ کامیابی وزیرِاعظم کی ٹاسک فورس برائے پاور، وزارتِ توانائی، اسٹیٹ بینک آف پاکستان، پاکستان بینکس ایسوسی ایشن اور 18 شراکتی بینکوں کی مشترکہ کوششوں کا نتیجہ ہے۔

اعلامیے کے مطابق یہ تاریخی ری اسٹرکچرنگ نہ صرف توانائی کے شعبے کے پرانے مسائل کے حل کی جانب اہم پیش رفت ہے بلکہ اس سے مختلف اداروں کی ہم آہنگی اور ٹیم ورک کی طاقت بھی اجاگر ہوتی ہے۔

اس عمل کی قیادت وفاقی وزیرِ توانائی سردار اویس احمد خان لغاری نے وزیرِاعظم کی ٹاسک فورس کے تحت کی، جسے وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب، مشیرِ نجکاری محمد علی، نیشنل کوآرڈینیٹر لیفٹیننٹ جنرل محمد ظفر اقبال، گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد، سیکریٹری خزانہ امداد اللہ بوسال اور ٹاسک فورس کے اراکین کی مکمل حمایت حاصل تھی، جبکہ پی بی اے اور 18 بینکوں نے بھرپور تعاون فراہم کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں