امریکی صدر سے وزیر اعظم اور فیلڈ مارشل کی ملاقات

واشنگٹن۔وزیراعظم محمد شہباز شریف اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان وائٹ ہاؤس کے اوول آفس میں ملاقات ہوئی ہے ۔تقریباً ایک گھنٹے تک جاری رہنے والی اس ملاقات میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر بھی وزیرِ اعظم کے ہمراہ موجود تھے جنہوں نے سکیورٹی اور دفاعی امور پر امریکی حکام سے مشاورت کی۔

ملاقات سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ہمارے پاس ایک عظیم رہنما آ رہے ہیں، ہمارے پاس پاکستان کے وزیرِاعظم آ رہے ہیں اور پاکستان کے فیلڈ مارشل بھی۔انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل ایک بہت عظیم شخصیت ہیں اور وزیرِاعظم بھی، دونوں ہی اور وہ آ رہے ہیں بلکہ ہو سکتا ہے وہ اس وقت اسی کمرے میں موجود ہوں۔

اینڈریوز ایئر بیس پہنچنے پر وزیرِاعظم شہبازشریف کا ریڈ کارپٹ پر امریکی ایئر فورس کے اعلیٰ عہدیدار نے استقبال کیا، وزیرِاعظم محمد شہبازشریف کا موٹرکیڈ امریکی سکیورٹی کے حصار میں ایئربیس سے روانہ کیا گیا۔

اطلاعات کے مطابق وزیراعظم محمد شہبازشریف نیویارک کے جان ایف کینیڈی ایئرپورٹ سے واشنگٹن کیلئے روانہ ہوئے تھے، وزیراعظم شہباز شریف صدر ٹرمپ سے ملاقات کے بعد واپس نیویارک آئیں گے اور اگلے روزاقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اجلاس سے خطاب کریں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں