نیو جرسی: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی کمپنیوں کو فوری طور پر پاکستان میں سرمایہ کاری کی ہدایت دی ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے بتایا کہ امریکا نے پاکستان میں آئی ٹی، توانائی، زراعت اور معدنیات کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی آمادگی ظاہر کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ صدر ٹرمپ سے ہونے والی ملاقات پاکستان اور امریکا کے تعلقات میں بہتری کے لیے نہایت اہم اور مفید رہی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان تجارتی و معاشی تعلقات کو نئی جہت دی جا رہی ہے اور دونوں ممالک نے معدنی وسائل کی قیمت کے منصفانہ تعین اور باہمی مفادات پر مبنی تجارتی معاہدوں پر بات کی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی معیشت بتدریج بہتری کی جانب گامزن ہے، ڈیڑھ سال میں مہنگائی سنگل ڈیجٹ میں آ چکی ہے، جبکہ بنگلا دیش کے ساتھ بھی تجارتی و سفارتی تعلقات میں مسلسل بہتری ہو رہی ہے۔
ایک سوال پر وزیراعظم نے بتایا کہ سعودی عرب میں ان کا پرتپاک استقبال گزشتہ 40 برس میں اپنی مثال آپ تھا۔ انہوں نے آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ان کی دانشمند قیادت میں پاک فوج نے بھارت کو شکست دی۔
قبل ازیں وزیراعظم آفس کے اعلامیے میں بتایا گیا کہ شہباز شریف اور صدر ٹرمپ کی ملاقات میں علاقائی سلامتی، انسدادِ دہشت گردی اور انٹیلی جنس تعاون پر بھی بات چیت ہوئی۔ وزیراعظم نے امریکی صدر کو پاکستان کے دورے کی دعوت دی اور کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی قیادت میں پاک امریکا تعلقات مزید مضبوط اور دیرپا ہوں گے۔











