پاکستان کی تاریخ اور جغرافیہ بدل دیں گے؛ بھارتی وزیر دفاع کی گیدڑ بھبکیاں

نئی دہلی ۔بھارت کے وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے گجرات میں فوجی اڈے کے دورے کے دوران پاکستان کے خلاف سخت بیانات دیتے ہوئے کھوکھلی دھمکیاں دی ہیں۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق راج ناتھ سنگھ نے الزام عائد کیا کہ پاکستان سرکریک سیکٹر میں اپنی فوجی موجودگی اور بنیادی ڈھانچے میں اضافہ کر رہا ہے اور خبردار کیا کہ اگر پاکستان نے کوئی کارروائی کی تو اس کے نتائج سنگین ہوں گے۔

انہوں نے روایتی انداز میں ایک بار پھر پاکستان پر بے بنیاد الزامات لگائے تاہم اس حوالے سے کوئی ثبوت پیش نہیں کیا۔ ان کا یہ دعویٰ بھی سامنے آیا کہ 1965 کی جنگ میں بھارتی فوج لاہور تک پہنچ گئی تھی اور انہوں نے سرکریک سے کراچی تک سڑک کا حوالہ دے کر حقائق کو مسخ کرنے کی کوشش کی۔

اس موقع پر بھارتی وزیر دفاع نے سرکریک سیکٹر میں دو نئی تنصیبات کا ورچوئل افتتاح بھی کیا جن میں “ٹئی ڈل انڈیپینڈنٹ برتھنگ فسیلٹی” اور “مشترکہ کنٹرول سینٹر” شامل ہیں۔ ان کے بقول یہ منصوبے بھارت کی ساحلی دفاعی صلاحیت کو مزید مضبوط کریں گے۔

یاد رہے کہ سرکریک سندھ اور بھارتی ریاست گجرات کے درمیان واقع دلدلی علاقہ ہے جس پر دونوں ممالک ملکیت کا دعویٰ رکھتے ہیں۔ اس تنازع پر کئی بار بات چیت ہو چکی ہے اور 2006 میں دونوں ملکوں نے مشترکہ سروے بھی مکمل کیا تھا تاہم یہ مسئلہ اب تک حل طلب ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں