صدر مملکت آصف علی زرداری نے دوحا میں امیرِ قطر سے ملاقات کی، جس میں شیخ تمیم بن حمد الثانی نے آئندہ سال دورۂ پاکستان کا اعلان کیا ہے۔
قطر کے دارالحکومت میں ہونے والی اہم ملاقات میں شیخ تمیم بن حمد الثانی نے کہا کہ قطر کو پاکستان اور اس کی کامیابیوں پر فخر ہے۔ انہوں نے پاکستانی کمیونٹی کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے ان کی تعداد میں خاطر خواہ اضافہ کرنے کی خواہش ظاہر کی۔
صدرِ مملکت آصف زرداری نے امیرِ قطر کو حکومتِ پاکستان اور عوام کی جانب سے نیک تمناؤں کا پیغام پہنچایا۔ دونوں رہنماؤں نے تاریخی اور برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ اس موقع پر صدرِ مملکت نے قطر کی ترقی اور امیرِ قطر کی بصیرت افروز قیادت کو سراہا۔
امیرِ قطر نے پاکستان سعودی عرب دفاعی معاہدے کو خوش آئند اور بروقت قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان منفرد حیثیت رکھتا ہے جو چین، مغرب اور خلیجی ممالک سے بیک وقت تعلقات رکھتا ہے۔











