کیڈٹ کالج وانا کے اساتذہ اور طلبا کے حوصلے بدستور بلند ہیں اور وہ دہشت گردی کے خلاف متحد رہنے کے عزم پر قائم ہیں۔ ذرائع کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے آپریشن کی کارروائی پر لمحہ بہ لمحہ نظر رکھی اور واضح ہدایت دی کہ قوم کے یہ معمار ملک کا قیمتی سرمایہ ہیں، ان کی سلامتی پر کوئی آنچ نہیں آنی چاہیے۔
کیڈٹس کا کہنا تھا کہ پاک فوج کے جوان مسلسل 24 گھنٹے سے زائد ان کے ساتھ ڈھال بن کر کھڑے رہے اور اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر طلبا کو محفوظ رکھا۔
آپریشن کی قیادت کرنے والے کرنل محمد طاہر نے بتایا کہ 10 نومبر کو پانچ افغان دہشت گردوں نے کیڈٹ کالج وانا کو نشانہ بنانے کی کوشش کی۔ ایک خودکش حملہ آور نے دھماکہ کیا جبکہ دیگر نے مرکزی دروازے سے اندر گھسنے کی کوشش کی، تاہم سیکیورٹی فورسز نے فوری کارروائی کر کے منصوبہ ناکام بنا دیا۔
کرنل طاہر کے مطابق دہشت گردوں نے طلبا کو یرغمال بنانے کی کوشش کی، مگر فورسز نے نہ صرف ان کے عزائم ناکام بنائے بلکہ انہیں کالج کے مخصوص حصے تک محدود کر دیا تاکہ تمام طلبا اور اساتذہ کی حفاظت یقینی بنائی جا سکے۔
خیبر پختونخوا کے علاقے وانا میں ہونے والے اس آپریشن میں چار دہشت گرد مارے گئے جبکہ تمام 650 طلبا اور اساتذہ کو بحفاظت نکال لیا گیا۔ کرنل طاہر نے بتایا کہ رات 10 سے ساڑھے 10 بجے کے دوران جاری رہنے والی کارروائی میں تمام دہشت گردوں کو انجام تک پہنچا دیا گیا۔











