اسلام آباد:وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ حضرت عمرؓ پر سوال ہوسکتا ہے تو مولانا فضل الرحمان پر کیوں نہیں؟ بلاول بھٹو آئین کے چیمپئن بنتے ہیں لیکن آئین کے حوالے سے ان کی کارکردگی صفر ہے۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے طلال چوہدری نے کہا کہ بلاول بھٹو آئین اور جمہوریت پر طویل تقریریں کرتے ہیں لیکن آئین اپنی پسند کی شقوں کو ماننے کا نام نہیں۔ پیپلز پارٹی تین صوبوں میں حکومت کر رہی ہے اور اہم آئینی عہدے بھی اس کے پاس ہیں۔ اسے اپنی حکومتی ذمہ داریوں کا احساس کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی ایڈمنسٹریٹو یونٹس کے قیام کی حمایت کرتی ہے لیکن اس معاملے پر ووٹ دینے کے بعد دباؤ کا الزام لگاتی ہے۔ آئینی تبدیلیوں کا مقصد عوام کے حالات بہتر بنانا ہونا چاہیے۔
طلال چوہدری نے مولانا فضل الرحمان کے اثاثوں سے متعلق سوالات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان کے بیٹوں کے اثاثوں پر بھی سوالات اٹھے ہیں اور مولانا کو ان سوالات کے جواب دینے چاہییں۔
بانی پی ٹی آئی سے متعلق قیاس آرائیوں پر انہوں نے کہا کہ ملاقاتیں کھلنے یا انہیں اڈیالہ جیل سے کسی دوسری جگہ منتقل کرنے کی خبریں درست نہیں۔ بانی پی ٹی آئی کو فی الحال وہیں رہنا ہے جہاں وہ موجود ہیں۔
وزیر مملکت نے مزید کہا کہ وی لاگز میں کیے جانے والے دعوؤں سے زمینی حقائق تبدیل نہیں ہوں گے۔ موجودہ حکومت اپنا کام جاری رکھے گی اور پیپلز پارٹی بھی حکومت کا حصہ رہے گی۔ صوبائی معاملات سیاسی محاذ آرائی کے بجائے باہمی مشاورت اور اتفاق رائے سے حل ہونے چاہییں۔











