کیا آپکے ہاتھ صاف ہیں؟ کیا آپکو نصیحت یا دھمکی دینے کا حق ہے؟خواجہ آصف کا بلاول کی تقریر پر ردعمل

اسلام آباد:وزیر دفاع خواجہ آصف نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کو جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ جو شخص انصاف کی بات کرتا ہے اس کے اپنے ہاتھ بھی صاف ہونے چاہییں۔ کیا آپ کو دوسروں کو نصیحت کرنے یا دھمکیاں دینے کا حق حاصل ہے؟

خواجہ آصف نے بلاول بھٹو کی کراچی پریس کلب میں تقریر پر ردعمل دیتے ہوئے سوشل میڈیا پر کہا کہ بلاول نے نظام کو ری سیٹ کرنے کی بات کی ہے لیکن عوامی حمایت کے بغیر کسی نظام کو ازسرنو ترتیب نہیں دیا جاسکتا۔

انہوں نے کہا کہ سیاستدانوں کا احتساب کوئی نیا تصور نہیں اور کوئی بھی سیاستدان احتساب سے بالاتر نہیں۔ سیاستدانوں کو اپنی قانونی حیثیت عوامی رائے سے حاصل ہوتی ہے اور نظام میں تبدیلی کے معاملے پر پارلیمنٹ میں بحث کے ساتھ عوام کی رائے کو بھی اہمیت دینی چاہیے۔

وزیر دفاع نے کہا کہ پیپلز پارٹی سندھ میں 18 سال سے اقتدار میں ہے جبکہ 2022 سے وفاقی حکومت میں بھی شریک رہی ہے۔ انہوں نے طنزیہ انداز میں سندھ کی حکمرانی اور کراچی کی صورتحال پر سوالات اٹھائے۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ حکومت کا مقصد عوام کی زندگیوں میں بہتری لانا اور عام آدمی کو باوقار زندگی فراہم کرنا ہے۔ حکمرانوں کے پاس طاقت عوام کی امانت ہے نہ کہ کسی کی میراث۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کو سفارتی اور عسکری محاذوں پر کامیابیوں کے بعد اب حکمرانی کو گلی اور محلے کی سطح تک پہنچانے کی ضرورت ہے۔ عوامی رائے اور پارلیمنٹ کا کردار جمہوری اور آئینی ہونا چاہیے کیونکہ حکمرانی کسی کی اجارہ داری نہیں بلکہ 25 کروڑ عوام کا حق ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں