فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے لیبیا کی مسلح افواج کے سربراہ سے اہم ملاقات کی ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نشانِ امتیاز (ملٹری) اور ہلالِ جرأت، چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس اسٹاف ان دنوں سرکاری دورے پر لیبیا میں موجود ہیں جہاں انہوں نے لیبیائی عرب مسلح افواج کے کمانڈر ان چیف فیلڈ مارشل خلیفہ بلقاسم حفتر سے ملاقات کی ہے۔
اس اہم ملاقات میں لیبیائی عرب مسلح افواج کے ڈپٹی کمانڈر ان چیف لیفٹیننٹ جنرل صدام خلیفہ حفتر بھی موجود تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق لیبیا آمد پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو لیبیائی مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے کی جانب سے گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ اس موقع پر دونوں ممالک کے اعلیٰ عسکری حکام کے درمیان ملاقات ہوئی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران علاقائی سیکیورٹی صورتحال، خطے میں درپیش چیلنجز اور دو طرفہ دفاعی تعاون کو مزید فروغ دینے کے حوالے سے گفتگو کی گئی۔ فریقین نے تربیت، صلاحیت میں اضافے اور انسداد دہشت گردی کے شعبوں میں تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔











