وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ اسلام آباد امام بارگاہ میں خودکش حملے کی منصوبہ بندی افغانستان میں ہوئی اور حملے کا ماسٹر مائنڈ ہماری حراست میں ہے جبکہ حملہ آور کی جہاں ٹریننگ ہوئی اس حوالے سے ہمیں معلومات تھیں۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کل کا دن پورے پاکستان کے لیے سیاہ دن تھا، تمام متاثرہ خاندانوں کے لیے ہم دعاگو ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کل کا واقعہ ایسا تھا جس نے ہم سب کو ہلایا ہے، کل دھماکے کے بعد ہماری تمام ایجنسیاں اس کی لیڈ میں نکلیں، کل ساری رات آپریشنز چل رہے تھے۔
محسن نقوی نے کہا کہ سی ٹی ڈی خیبرپختونخوا پولیس نے ان تمام لوگوں کو جو ان سے جڑے ہوئے تھے یا ماسٹر مائنڈ تھے تقریباً سب لوگ پکڑے جا چکے ہیں، جس پر سی ٹی ڈی خیبرپختونخوا اور تمام ٹیم کو مبارک باد دوں گا۔











