بچوں کی شرارتیں ہی گھروں کی رونقیں ہوتی ہیں، اس آرٹیکل میں ہم آپ کو بتائیں گے کہ آپ بچوں کی نفسیات کیسے سمجھیں۔
موجووہ مشینی دور میں اکثر افراد مصروفیت سے بھرپور زندگی گزارنے کی وجہ سے بچوں کو بھرپور وقت نہیں دے پاتے۔
بچوں کی صحیح تربیت کے لئے ضروری ہے کہ والدین ان کے ساتھ وقت گزاریں اور ان کی نفسیات سے آگاہی حاصل کریں۔
ہم اس حوالے سے آپ کو مختلف ٹپس بتاتے ہیں، جن پر عمل کر کے آپ اپنے بچوں کی نفسیات کو مکمل طور پر سمجھ سکتے ہیں۔
اس کے علاوہ ان اقدامات سے بچوں کی تربیت کے عمل میں بھی آپ نمایاں بہتری محسوس کریں گے۔
بچوں کی بات سنئے:
آپ کو چاہئے کہ آپ اپنے بچوں کی ہر بات غور سے سنیں، اسے فوری طور پر رد کرنے کی کوشش نہ کریں۔
اگر آپ بچے کی بات سے متفق نہیں ہیں تو اسے نرم لہجے میں اپنے خیالات سے آگاہ کریں۔
بچے کو بچہ ہی رہنے دیں:
آپ اپنے بچے کو بچہ ہی رہنے دیں، اگر وہ کوئی غلطی کر جاتا ہے تو یقینی طور پر وہ اس سے بہت کچھ سیکھے گا۔
اسے کوئی بھی کام کرتے ہوئے بار بار روکنے کی بجائے احتیاط کرنے کی تلقین کریں تاکہ اس میں بہتری آ سکے۔
الزام تراشی نہ کریں:
اگر آپ کے علم میں اس کی کوئی بات آتی ہے کہ غصے میں الزام دینے کی کوشش نہ کریں، اس سے وہ گھبرا جائے گا۔
آپ بچے کو نرم لہجے میں بتائیں کہ اس نے جو کیا وہ غلط تھا، تاہم آپ اب بھی اس سے محبت کرتے ہیں۔
دوست کی حیثیت سے پیش آئیں:
بچوں کے ساتھ ہمیشہ دوست کی طرح پیش آئیں، اس کے نتیجہ میں بچہ آپ کے بہت قریب آ جائے گا۔
اس کے ساتھ کچھ حدود کا خیال ضرور رکھیں، اگر وہ کوئی غلطی کرے تو اسے دوست کی طرح ہی سمجھانے کی کوشش کریں۔
اگر آپ سختی کریں گے تو وہ آپ سے کوئی بات شیئر نہیں کر سکے گا، اسے آزادی سے بات کرنے دیں۔
بچوں کے ساتھ وقت گزاریں:
بچوں کے ساتھ زیادہ سے زیادہ وقت گزارنے کی کوشش کریں، اس سے آپ اس کے دوستوں کو بھی جان سکیں گے۔
اپنی تمام تر مصروفیت کے باوجود تھوڑا وقت ضرور نکالیں، اس سے بچے میں احساس پیدا ہو گا کہ آپ اس کے ساتھ ہیں۔
بچوں کو ذمہ دار بنائیں:
اگر آپ پریشان ہیں کہ بچوں کی نفسیات کیسے سمجھیں تو آپ ان کو کم عمری میں ہی ذمہ دار بنانے کی کوشش کریں:
وہ کوئی بھی کام اچھے طریقے سے کرے، جیسے کہ اپنے کھلونے ہی سمیٹ کر واپس رکھ دے تو اس کی حوصلہ افزائی ضرور کریں۔
چھوٹے چھوٹے کاموں میں بھی اس کی تعریف کریں تاکہ وہ زیادہ شوق سے اپنے کام سرانجام دے سکے۔
بچوں کی مصروفیات کا مشاہدہ کرتے رہیں:
اپنے بچوں کی مصروفیات پر نظر ضرور رکھیں، اس سے آپ جان سکیں گے کہ وہ کس طرح دوسروں سے بات کرتے ہیں۔
انہیں کھانے میں کیا زیادہ پسند ہے، کیسے کھیلتے ہیں، آپ اس کی بہت سی خوبیوں سے آگاہی حاصل کر لیں گے۔
آپ غور کریں کہ آپ کا بچہ کسی تبدیلی کو جلد قبول کر لیتا ہے یا اس میں کچھ وقت لیتا ہے، اس طرح آپ بہتر تربیت کر سکیں گے۔
یاد رکھنے کی بات:
ایک بات ہمیشہ ذہن نشین رکھیں کہ سارے بچے کبھی بھی ایک جیسی خوبیوں کے حامل نہیں ہوتے۔
ہر بچے کی اپنی عادتیں ہوتی ہیں، اسی طرح ان کی شخصیت بھی الگ الگ ہوتی ہے، اس کے مطابق ان کی تربیت کرنے کی کوشش کریں۔