بری عادات

بری عادات سے چھٹکارا پانے کا راز، 5 اہم ترین ٹپس

یہ ایک حقیقت ہے کہ ہر انسان میں چند ایک بری عادات ضرور ہوتی ہیں، جن سے چھٹکارا پانے کے لئے وہ ہر وقت کوشاں رہتا ہے۔
زیادہ تر لوگ اپنی ان بری عادات کو بدلنے میں کامیاب نہیں ہو پاتے اور پھر ان عادات کو بدلنے کی کوشش ترک کر دیتے ہیں۔
ہو سکتا ہے کہ آپ کے ذہن میں کبھی یہ بات آئی ہو کہ آپ کو سوشل میڈیا پر یا انٹرنیٹ گیمز پر زیادہ وقت صرف نہیں کرنا چاہئے۔
آپ نے کئی دفعہ یہ عزم کیا ہو گا کہ سگریٹ نوشی ترک کر دیں یا جب بھی آپ ورزش شروع کرنے کا ارادہ کرتے ہیں تو آپ کی تھکاوٹ مزید بڑھ جاتی ہے، جس کی وجہ سے آپ کسی بھی کام کی شروعات ہی نہیں کر پاتے۔
اس آرٹیکل میں ہم آپ کو بری عادات سے چھٹکارا پانے کے لئے چند اہم ترین ٹپس بتائیں گے، جن پر عمل پیرا ہو کر آپ اپنے مقاصد کے حصول میں ضرور کامیابی حاصل کر سکتے ہیں۔
1۔ بری عادات کے بدلنے کا تصور کریں
آپ سب سے پہلے یہ تصور کرنا شروع کریں کہ آپ بدل رہے ہیں، ایسا کرنے سے آپ کے دماغ کی مشق شروع ہو جائے گی۔
تصور آپ کے مشکل کام کو آسان بنا دیتا ہے، اس لئے روزانہ کچھ وقت اچھی عادات کے بارے میں ضرور سوچنا شروع کریں۔
روزانہ اپنی سوچ میں بہتری لانے کی کوشش کرنے کے ساتھ صحت مند غذائیں بھی استعمال کریں۔
جیسے جیسے یہ سوچ آپ کے دماغ میں گھر کرنا شروع کرے گی تو آپ کا یہ خیالی تصور حقیقت کا روپ دھارنے لگے گا۔
2۔ اپنے مقاصد کو تحریر کریں
ماہرین کا کہنا ہے کہ لکھی ہوئی باتیں انسان کے سامنے رہتی ہیں، جو کہ اسے اپنے مقاصد کی طرف بڑھنے میں مدد فراہم کرتی ہیں۔
آپ کے جو بھی مقاصد ہوں، انہیں تحریر کر لیا کریں اور اس تحریر کو دن میں دو یا تین بار ضرور پڑھنے کی کوشش کریں۔
یہ نسخہ انتہائی آسان ہونے کے ساتھ ساتھ نہایت کارگر بھی ہے اور اس کے کوئی مضر اثرات بھی نہیں ہیں۔
3۔ دوست بنانے کی کوشش کریں
اپنے دوستوں میں اضافہ کریں، حلقہ احباب وسیع ہونے سے ایک دوسرے کے سامنے جواب دہ ہونے کی ترغیب ملتی ہے۔
دوستوں کے ساتھ کام کرنے کے نتیجہ میں بری عادات سے نمٹنے اور خیالات کو مثبت رکھنے میں مدد ملتی ہے۔
دوستوں کے سامنے جواب دہ ہونے کے باعث صحیح راستے پر گامزن رہنے میں بہت زیادہ مدد ملتی ہے۔
4۔ خود کو بھی وقت دیں
ایک مشہور کہاوت کے مطابق بری عادات چھوڑنے میں اٹھائیس دن لگ جاتے ہیں لیکن یہ درست نہیں ہے۔
بری عادات کو چھوڑنا مشکل ضرور ہے تاہم آپ اٹھائیس دنوں سے پہلے بھی اچھی عادات کا آغاز کر سکتے ہیں۔
ماہرین کی طرف سے کی گئی جدید تحقیق کے مطابق اکثر افراد اپنی بری عادات کو تین ماہ کے اندر اچھی عادات میں بدل لیتے ہیں۔
کچھ افراد ایسے بھی ہوتے ہیں جن کو اس سے زیادہ وقت بھی لگ جاتا ہے، اس کا انحصار آپ کے عزم پر بھی ہوتا ہے۔
اس سلسلے میں آپ جتنا زیادہ وقت خود کو دیں گے، اتنا ہی آپ کے لئے مفید ہو گا۔
5۔ اپنے رویے کا جائزہ لیں
انسان کے ذہن میں آنے والی منفی سوچیں اس کے طرز عمل کو بری طرح متاثر کرتی رہتی ہیں۔
ذہن میں آنے والی کسی بھی قسم کی منفی سوچ کو فوری طور پر مثبت سوچ میں بدلنے کی کوشش کریں۔
جب بھی آپ کے دماغ میں بری عادات کے خیالات گھسنے لگیں، فوری طور پر مثبت باتیں کرنا شروع کر دیں۔

کیٹاگری میں : صحت

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں