ہمت کارڈ کا مقصد خصوصی افراد کو قومی دھارے میں شامل کرنا ہے، صوبے میں 65ہزار خصوصی افراد کو ہمت کارڈ دیئے جائیں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ہمت کارڈ منصوبے کا باضابطہ افتتاح کر دیا۔ہمت کارڈ منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کا کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ کی شکر گزار ہوں ایک اور خواب کی تکمیل ممکن ہوئی،
انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کے لیے 2 ارب 60 کروڑ روپے رکھے گئے ہیں، ہمت کارڈ کے حامل افراد کو تین ماہ میں ساڑھے دس ہزار روپے ملیں گے، پنجاب حکومت خصوصی افراد کوتنہا نہیں چھوڑے گی، مسائل حل کریں گے، ہمت کارڈ کے ذریعے ملنے والی رقم کو بڑھائیں گے، اس کارڈ کے ذریعے میٹرو بس میں فری سفر کی سہولت بھی ملے گی۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ کیا وجہ ہے ن لیگ کے دور میں ملک ترقی کرتا ہے، مسلم لیگ ن کے دور میں موٹرویز بنتی ہیں، مہنگائی مسلم لیگ ن کے دور میں تیزی سے نیچے جاتی ہے، گزشتہ حکومت کی نااہلی کی وجہ سے مہنگائی 38 فیصد پر تھی، آج مہنگائی مسلسل کم ہوتی چلی جا رہی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے پاس جادو کی چھڑی نہیں، ہم ہمیشہ عوام کو ریلیف دینے کا سوچتے ہیں، خیبرپختونخوا کے عوام کے لیے میرا دل دھڑکتا ہے، خیبرپختونخوا میں روٹی 25 روپے کی ہو گئی ہے، ذہنی مفلوج لوگوں سے کام ہوتا ہے نہ یہ کسی کو کام کرنے دیتے ہیں۔
انہوں نے پی ٹی آئی قیادت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ان کا کام صرف جلائو گھیرا کرنا ہے، مجھے فرق نہیں پڑتا لیکن ان کے ہر روز کے ڈراموں سے عوام کی خدمت میں خلل آتا ہے، یہ دوسرے صوبے پر حملہ کرنے کے بجائے خیبرپختونخوا کے عوام کی خدمت پر توجہ دیں۔