اسلام آباد: ایس سی او کانفرنس: سربراہان حکومت نئے اقتصادی ڈائیلاگ پر رضامند
ایس سی او کی سربراہ کانفرنس میں نئے اقتصادی ڈائیلاگ پر رضامندی
چین کے بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے کی حمایت ۔ غیر امتیازی اور شفاف تجارتی نظام پر زور
یکطرفہ تجارتی پابندیاں لگائے کی مخالفت، یورپ ایشیا کے درمیان بہترین اقتصادی تعلقات پر زور۔ مشترکہ اعلامیہ
وزیر اعظم شہباز شریف نے غزہ میں جارحیت روکنے اور ریاست فلسطین کے قیام کا مطالبہ کیا
اگلے برس سربراہ کانفرنس کے لئے روس کو میزبانی سونپ دی گئی
ایس سی او اجلاس: سربراہان کے مشترکہ اعلامیہ پر
شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) اجلاس میں شریک سربراہان حکومت نے مشترکہ اعلامیہ پر دستخط کردیے ہیں اور تنظیم کی سربراہی روس کے سپرد کردی گئی ہے۔
اسلام آباد کے کنونشن سینٹر میں منعقد کیے گئے ایس سی او اجلاس میں رکن ممالک کے سربراہان اور نمائندوں نے اجلاس کے مشترکہ اعلامیے پر دستخط کردیے ہیں۔
اس موقع پر ایس سی او کی سربراہی روس کے حوالے بھی کی گئی۔ روس اب 2025 تک ایس سی او کی سربراہی سنبھالے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے روس کو تنظیم کی صدارت ملنے پر مبارکباد پیش کی ہے۔
اقتصادی ڈائیلاگ پر رضامند:
اجلاس میں رکن ملکوں کے رہنماؤں نے شنگھائی تعاون تنظیم کے بجٹ سے متعلق امور کی منظوری بھی دی ہے۔
رکن ملکوں کے درمیان 8 دستاویزات پر دستخط کیے گئے ہیں۔
ایس سی او کے رکن ممالک نے نئے اقتصادی ڈائیلاگ پر اتفاق کیا اور حوالے سے دستاویز پر دستخط بھی کیے۔
مشترکہ اعلامیہ میں بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے کی حمایت
مشترکہ اعلامیہ میں پاکستان، کرغزستان، بیلاروس، قازقستان، روس اور ازبکستان نے چین کے بیلٹ اینڈ روڈ انیشییٹو کی حمایت کی۔
فورم نے یورپ اور ایشیا کے مابین بہتر اقتصادی اشتراک کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
مشترکہ اعلامیہ میں گرین ڈویلپمنٹ، ڈیجیٹل اکانومی، تجارت، سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی کے شعبوں میں رکن ممالک کے استعداد کار بڑھانے اور غیر امتیازی اور شفاف تجارتی نظام کے قیام کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
مشترکہ اعلامیہ میں کہا گیا کہ فورم نے یکطرفہ تجارتی پابندیاں لگائے جانے کی مخالفت کی اور یک طرفہ پابندیاں ورلڈ ٹریڈ آرگنائزیشن کے قوانین کے خلاف ہیں۔
غزہ میں مظالم روکنے کے لیے عالمی برادری کو اقدامات کرنے ہوں گے، شہباز شریف
ایس سی او اجلاس کے اختتام پر خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان خطے کی ترقی کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرتا رہے گا،
ایس سی او کو فعال اور متحرک تنظیم بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔ غزہ میں جارحیت ایک المیہ ہے،
عالمی برادری کو مظالم روکنے کے لیے اقدامات کرنے ہوں گے، مشرق وسطیٰ میں پائیدار امن کے لیے آزاد فلسطینی ریاست کا قیام ضروری ہے۔