اسٹاک ایکسچینج

اسٹاک ایکس چینج میں تیزی برقرار، 100 انڈیکس بلند سطح پر جا پہنچا

اسٹاک ایکس چینج ( پی ایس ایکس ) میں منگل کاروبار کا ریکارڈ ساز دن قرار پایا، کے ایس ای 100 انڈیکس 409 پوائنٹس کے اضافے سے 86466 پوائنٹس کی بلند سطح پر بند ہوا۔
مارکیٹ کیپٹلائزیشن 62 ارب اضافے سے 11352 ارب روپے ہو گئی۔ حصص کی مالیت بھی گزشتہ سیشن کے 19.66 ارب روپے سے بڑھ کر 25.02 ارب روپے ہو گئی۔

اسٹاک ایکس چینج میں منگل کو کاروبار کا آغاز انتہائی مثبت زون میں ہوا، ایک موقع پر انڈیکس 86846 پوائنٹس پر جا پہنچا، بعدازاں فروخت کے دبائو سے انڈیکس میں کچھ کمی ریکارڈ کی گئی۔ تاہم کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 30 اور آل شیئرز انڈیکس میں بھی تیزی برقرار رہی۔

بروکریج ہائوس ٹاپ لائن سیکیورٹیز کے مطابق ان مثبت محرکات کی وجہ ادارہ جاتی خریداری اور توقع سے بہتر کارپوریٹ آمدنی ہے۔ اسماعیل اقبال سیکورٹیز کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ بینچ مارک انڈیکس مثبت انداز میں بند ہوا اور منگل کو مارکیٹ بند ہونے پر انڈیکس تاریخ کی بلند ترین سطح پر رہا ۔

عارف حبیب لمیٹڈ کی ریسرچ ہیڈ ثنا توفیق نے بتایا کہ یہ رفتار سیاسی شفافیت کی بنیاد پر آئی ہے۔ کارپوریٹ نتائج بھی مارکیٹ کی توقعات کے مطابق جا رہے ہیں۔ حصص کی مالیت گزشتہ سیشن کے 19.66 ارب روپے سے بڑھ کر 25.02 ارب روپے ہو گئی ہے

اس کے ساتھ ساتھ مجموعی طور پر 451 کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جن میں سے 231 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ 149 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ 71 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں