رواں سال بٹ کوائن کی قیمت میں دو گنا اضافہ ہو چکا ہے، اس وقت ایک کوائن کی قیمت 97ہزار ڈالر سے بھی بڑھ چکی ہے۔
نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی سوشل میڈیا کمپنی کی طرف سے کرپٹو ٹریڈنگ فرم کو خریدنے کی اطلاعات نے بٹ کوائن کو پر لگا دئیے اور وہ اس وقت تاریخی بلندیوں کو چھونے لگا ہے، جس کے باعث ایک کوائن کی قیمت 97 ہزار ڈالر سے بھی تجاوز کر گئی ہے۔
تازہ ترین میڈیا رپورٹس کے مطابق کرپٹو کرنسی کی قیمت میں رواں سال دو گنا اضافہ ریکارڈ کیا جا چکا ہے، یہ اضافہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایک رپورٹ میں دعوی کیا گیا کہ نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی سوشل میڈیا کمپنی کرپٹو ٹریڈنگ فرم کو خریدنے کے لیے بات چیت کی کوشش کر رہی ہے۔
اس رپورٹ کے بعد تاجر پرامید ہیں کہ امریکا کے نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی حکومت کی طرف سے کرپٹو کرنسیوں کے لیے ایک دوستانہ ماحول فراہم کیا جائے گا، اس وقت کرپٹو مارکیٹ کی مجموعی قدر 3 ٹریلین ڈالر سے بھی تجاوز کر چکی ہے جو کہ اس وقت ایک ریکارڈ سطح ہے۔
عالمی سطح پر اس وقت کرپٹو کرنسی کی قیمت میں مسلسل اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے، گزشتہ روز بٹ کوائن کی قیمت 94 ہزار ڈالر کی سطح پر تھی جس میں مزید اضافہ ہو چکا ہے اور اس وقت پاکستانی روپوں میں ایک کوائن دو کروڑ 69 لاکھ روپے سے بھی مہنگا ہو چکا ہے۔
موجودہ قیمتوں کو مدنظر رکھتے ہوئے دیکھا جائے تو اس وقت کرپٹو کرنسی بلند ترین سطح پر پہنچ کر نئے ریکارڈ قائم کر رہی ہے جبکہ نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی حکومت کی طرف سے اگر دوستانہ ماحول کی فراہمی یقینی بنا دی گئی تو اس کی قیمت میں مزید کئی گنا اضافہ متوقع کیا جا رہا ہے.