ماسکو: بشارالاسد اہل خانہ کے ہمراہ ماسکو پہنچ گئے، روس میں سیاسی پناہ لے لی
روسی حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ شام میں باغیوں کے قبضے کے بعد ملک چھوڑجانے والے صدر بشارالاسد اپنے اہل خانہ کے ہمراہ ماسکو پہنچ گئے ہیں جہاں روس نے انہیں سیاسی پناہ دے دی۔
غیرملکی خبرایجنسی رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق روس کی خبرایجنسیوں نے کریملن کے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ
بشارالاسد اور ان کے اہل خانہ روس پہنچ گئے ہیں اور روس کی جانب سے انہیں سیاسی پناہ دے دی گئی ہے۔
روسی خبرایجنسی انٹرفیکس نے نام ظاہر کیے بغیر سرکاری عہدیدار کے حوالے سے بتایا کہ شام کے صدر بشارالاسد ماسکو پہنچ چکے ہیں
اور روس نے انسانی بنیادوں پر ان کو اور ان کے اہل خانہ کو سیاسی پناہ دے دی ہے۔
قبل ازیں بین الاقوامی میڈیا نے متضاد رپورٹس دی تھیں کہ بشارالاسد کے طیارے کا رابطہ ریڈار سے منقطع ہوگیا ہے
اور خدشہ ہے کہ حادثہ پیش آیا ہے اور وہ ہلاک ہوچکے ہیں۔
رپورٹس میں بتایا گیا تھا کہ باغیوں کی جانب سے شام کے دارالحکومت دمشق میں قبضے کے ساتھ ہی ایک طیارہ ایئرپورٹ سے بیرون ملک روانہ ہوگیا تھا
اور ریڈار سے غائب ہونے سے قبل طیارہ مخالف سمت میں پرواز کرتا رہا تھا۔