ایک سگریٹ

ایک سگریٹ زندگی کا کتنا وقت کم کر دیتی ہے؟ انتہائی خوفناک حقائق

ایک سگریٹ کے نتیجہ میں یہ ضائع ہونے والا وقت وہ وقت ہے جو اپنے پیاروں کے ساتھ اور اچھی صحت کے ساتھ گزارا جا سکتا تھا۔

حال ہی میں کی جانے والی ایک نئی تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ ہر ایک سگریٹ مجموعی طور پر سگریٹ پینے والے کی متوقع عمر میں تقریبا 20 منٹ کم کرنے کا سبب بنتی ہے۔

اس حوالے سے سماجی، اقتصادی اور دیگر عوامل کا حساب کتاب کرنے کے بعد یونیورسٹی کالج لندن کے محققین نے تخمینہ لگایا کہ فی سگریٹ مرد کی متوقع زندگی کے 17 منٹ اور خواتین کے 22 منٹ کم ہوتے ہیں، یہ رپورٹ جرنل ایڈکشن میں شائع کی گئی ہے۔

اس مقالے کی مرکزی مصنف اور یونیورسٹی کی پرنسپل ریسرچ فیلو، سارہ جیکسن کا کہنا ہے کہ اس کا مطلب یہ ہے کہ اگر کوئی روزانہ 20 سگریٹ کا ایک پیکٹ پیتا ہے تو سگریٹ کا یہ پیکٹ اس کی عمر میں تقریبا سات گھنٹے کم کر دیتا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ سگریٹ نوشی کرنے والوں کا یہ ضائع شدہ وقت وہ وقت ہے جو وہ اپنے پیاروں کے ساتھ اچھی صحت کے ساتھ بھی گزار سکتے تھے، تمباکو نوشی زندگی کے آخری دور میں منفی نتائج نہیں دکھاتی بلکہ یہ زندگی کے پورے دورانیہ میں صحت مند پہلوں کو ختم کرتی چلی جاتی ہے۔

سگریٹ نوشی پر یہ تحقیق برطانیہ کے محکمہ صحت اور سماجی نگہداشت کی طرف سے شروع کی گئی تھی۔ اس میں برٹش ڈاکٹرز اسٹڈی سے مردوں کی اموات کا ڈیٹا اور ملین ویمن اسٹڈی سے خواتین کا ڈیٹا شامل کیا گیا ہے۔

ان تمام مطالعات سے پتا چلا کہ اوسطا وہ لوگ جنہوں نے زندگی بھر سگریٹ نوشی کی ان کی زندگی کے 10 سال ان لوگوں کے مقابلے میں کم ہوئے جنہوں نے کبھی تمباکو نوشی نہیں کی تھی۔

کیٹاگری میں : صحت

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں