پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج یومِ یکجہتیٔ کشمیر منایا جا رہا ہے
پاکستان سمیت دنیا بھر میں یومِ یکجہتیٔ کشمیر آج بھرپور انداز سے منایا جا رہا ہے۔ کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے ملک بھر میں سیمینارز اور ریلیاں منعقد کی جائیں گی۔
ملک بھر سمیت عالمی سطح پر کشمیریوں کی جدوجہدِ آزادی کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے مختلف پروگرام اور تقاریب منعقد ہوں گی،
جس میں مقررین جدوجہد آزادی کشمیر کی داستان، اس راہ میں پیش آنے والی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرنے کے ساتھ ساتھ مقبوضہ وادی میں بھارتی جارحیت اور قابض فوج کے ہاتھوں کشمیریوں پر مظالم کی داستان بتائیں گے۔
آج آزادجموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کا خصوصی اجلاس بھی منعقد کیا جائے گا، جس سے وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف خطاب کریں گے۔
5 فروری ہر سال پاکستان میں یوم یکجہتی کشمیر کے طور پر منایا جاتا ہے۔ آج کشمیر بارود کی بو میں ڈوبا ہوا ہے جہاں ظلم اور جارحیت کے سائے منڈلا رہے ہیں۔ گمنام قبریں،عصمت دری کا نشانہ بننے والی کشمیری خواتین اور ہزاروں یتیم بچے بھارت کی فسطائیت کا منہ بولتا ثبوت ہیں ۔
بھارت ،جمہوریت کی نام نہاد دعویدار ریاست نے مقبوضہ وادی میں 10 لاکھ سے زائد غیر قانونی فوجی تعینات کر رکھے ہیں۔ اس حوالے سے حریت رہنماؤں نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’بھارت نے ظلم کی انتہا کر دی ہے‘‘۔
حریت رہنماؤں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں ہر جانب ظلم و زیادتی ہو رہی ہے۔ ہم جرات کے ساتھ ہندوستان کا مقابلہ کرتے رہیں گے۔
5 فروری یوم یکجہتی کشمیر ایک دن ہی نہیں بلکہ ایک عہد ہے جو پاکستان کے عوام نے کشمیریوں کے ساتھ کر رکھا ہے بھارتی فوج مقبوضہ کشمیر میں تمام تر انسانیت سوز مظالم کے باوجود کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو دبانے میں ناکام ہے۔
پاکستان ہمیشہ مظلوم کشمیریوں کی اخلاقی اور سفارتی حمایت دنیا کے ہر فورم پر جاری رکھے گا۔ پاکستان کے عوام اور پاک فوج مظلوم کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور ان کی سفارتی اور اخلاقی مدد جاری رکھیں گے۔