یہ نیا طریقہ اپنانے والے وزن کم رکھنے کے لئے کم چکنی غذائوں کا انتخاب کرتے ہیں اور کم کیلوریز کھاتے ہیں۔
حال ہی میں کی جانے والی ایک نئی تحقیق میں معلوم ہوا ہے کہ کھانے کے وقت کلاسیکل موسیقی سننے والے کم چکنی غذائوں کا انتخاب کرتے ہیں اور کیلوریز بھی کم کھاتے ہیں۔
یونیورسٹی کالج لندن سمیت مختلف ماہرین کی ایک ٹیم نے حال ہی میں کئے جانے والے مطالعے میں بتایا کہ کھاتے وقت کلاسیکل موسیقی سن کر وزن کم رکھنے میں مدد مل سکتی ہے۔
اس دوران جیز، ریپ اور راک میوزک سے اجتناب ایک عقلمندانہ قدم ہو سکتا ہے کیوں کے مطالعے کے دوران جن افراد نے ان اقسام کی موسیقی سنی، انہوں نے غیر صحت بخش اور کثیر کیلوریز رکھنے والے جنک فوڈ کا انتخاب کیا۔
جرنل برین ٹوپو گرافی میں شائع ہونے والی اس نئی تحقیق نے ماضی کی ایک تحقیق کی تصدیق کی کہ پرسکون موسیقی انسان کی بھوک کو کم کرتی ہے جبکہ تیز موسیقی بھوک میں اضافہ کرنے کا سبب بنتی ہے۔
اس حوالے سے محققین کا خیال ہے کہ ہلکے ٹیمپو اور پرسکون کلاسیکل موسیقی دماغ کے اس حصے میں فعالیت کم کر دیتی ہے جو بھوک کی شدت پیدا کرتا ہے۔
محققین کا مزید کہنا تھا کہ کھانے اور موسیقی کے درمیان ایک ممکنہ تعلق ہے۔ کچھ مطالعوں میں یہ جانکاری ملی ہے کہ کم آواز کا میوزک اور بلند پچ پر بجنے والی موسیقی لوگوں کے صحت بخش غذائوں کے امکانات کو بڑھانے کا کام کرتی ہے۔