اسلام آباد: وزیر ریلوے حنیف عباسی نے عید کے موقع پر خصوصی ٹرینوں کے چلانے اور مسافروں کو 20 فیصد تک کرایوں میں کمی دینے کا اعلان کیا۔
وزارت ریلوے کا منصب سنبھالنے کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیر ریلوے حنیف عباسی نے کہا کہ ہم عوام کے لیے چار عید اسپیشل ٹرینیں چلائیں گے، جنہیں ہم 25 رمضان سے چلانا شروع کریں گے۔ عید کے ایام میں مسافروں کو کرایوں میں 20 فیصد تک ریلیف فراہم کیا جائے گا، اور ان کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی ٹرینوں کی نجکاری سے متعلق جو پالیسیاں ہوں گی، ان پر عملدرآمد کیا جائے گا۔ کئی اسٹیشنوں پر اسکینرز خراب ہیں، جس کی وجہ سے اسمگلنگ اور چوری کے واقعات آسان ہو جاتے ہیں، لہذا ریلوے پولیس کو اسی طرح منظم کیا جائے گا جیسے سی ٹی ڈی کو کیا گیا۔
حنیف عباسی نے مزید کہا کہ ہمیں کارگو کی تعداد دوگنا کرنا ہے۔ ریلوے میں موجود مسائل پر آج بات کی گئی ہے، اور آئی جی ریلوے پولیس کی نگرانی میں سیکیورٹی کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔ ایم ایل ون منصوبے پر دو تین ممالک سے بات چیت جاری ہے، حکومت اس پر کیا اقدامات کرتی ہے ابھی حتمی فیصلہ نہیں ہوا۔
وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ آج تمام لوگوں کو آگاہ کر دیا ہے کہ کرپشن پر زیرو ٹالرنس کی پالیسی ہوگی، اور ہم نے ٹارگٹ سیٹ کرنے ہیں۔ میرا کام محکمے کو اہداف دینا ہے۔ تھرکول سے کارگو کے لیے مال گاڑی کا کنکشن فراہم کیا جائے گا، جبکہ چین کو 245 کوچز کا آرڈر دیا جا چکا ہے، اور ہم اپنی کوچز اور لوکوموٹو بھی تیار کر رہے ہیں۔
لیگی رہنما نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے جو وعدے کیے تھے، وہ پورے ہو چکے ہیں۔ آج ہمارے زر مبادلہ کے ذخائر 16 ارب ڈالر تک پہنچ چکے ہیں، اور مہنگائی 38 فیصد سے کم ہو کر 1.5 فیصد تک آ چکی ہے۔ وزیراعظم وہی بات عوام سے کریں گے جو پوری کر سکیں، اور آج ان کے اقدامات کے مثبت اثرات سامنے آ چکے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ انٹرسٹ ریٹ 22 فیصد تھا، لیکن آج 12 فیصد تک آ چکا ہے، اور آئندہ 6 ماہ میں یہ سنگل ڈیجٹ میں آ جائے گا۔ ترسیلات زر 18 ارب ڈالر ہیں، جنہیں 35 ارب ڈالر تک پہنچانا ہے۔ وزیراعظم جلد ہی کنسٹرکشن پیکیج کا اعلان کریں گے، اور ہمارے چھوٹے اقدامات عوام کے لیے راحت کا باعث بنیں گے۔