ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ مردوں اور خواتین میں کولوریکٹل کینسر کے بڑھتے ہوئے کیسز عالمی سطح پر صحت عامہ کے لیے ایک سنگین چیلنج بنتے جا رہے ہیں۔
اس حوالے سے سندھ میڈیکل کالج اور جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر میں ایک خصوصی تقریب منعقد کی گئی، جہاں طبی ماہرین نے بڑی آنت کے کینسر کے بڑھتے ہوئے رجحان پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔
ماہرین کے مطابق، کولوریکٹل کینسر دنیا میں تیسرا سب سے عام کینسر ہے اور یہ کینسر کے کل کیسز کا تقریباً 10 فیصد بنتا ہے۔
مزید برآں، یہ کینسر سے ہونے والی اموات کی دوسری بڑی وجہ بھی قرار دیا جا رہا ہے۔
یہ بیماری زیادہ تر بڑی عمر کے افراد کو متاثر کرتی ہے، جس کے زیادہ تر کیسز 50 سال یا اس سے زائد عمر کے لوگوں میں رپورٹ کیے جاتے ہیں۔
ماہرین نے اس بات پر زور دیا کہ صحت مند طرزِ زندگی اپنانے، خطرناک عوامل سے بچنے اور باقاعدہ اسکریننگ کے ذریعے اس مہلک بیماری کے خطرات کو نمایاں طور پر کم کیا جا سکتا ہے۔