پوری قوت سے دہشت گردوں سے نمٹا جائیگا، سول وعسکری قیادت کا اتفاق

اسلام آبا د۔سول و عسکری قیادت نے سانحہ جعفر ایکسپریس میں ملوث دہشت گردوں کیخلاف پوری قوت سے نمٹنے پراتفاق کیا ہے

وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت بدھ کو ہونے والے ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس میں قومی و داخلی سلامتی کی صورت حال پر تفصیلی جائزہ لیا گیا

اجلاس میں عسکری قیادت کے علاوہ اعلی سول حکام اور انٹیلی جنس اداروں کے اعلی افسران نے بھی شرکت کی ،اجلاس میں سانحہ جعفر ایکسپریس کی وجہ سے پیدا صورت حال بھی تفصیلی طور پر زیر بحث آئی

وزیر اعظم شہباز شریف کو دہشتگردوں کے خلاف جاری آپریشنز کی تفصیلات سے آگاہ کیا ،ذرائع کے مطابق خواتین اور بچوں کو دہشت گردوں سے بازیاب کرانے اور دہشت گرد عناصر کے سہولت کاروں اور ماسٹرمائنڈ کے حوالے سے بھی آگاہ کیا اور بتایا گیا کہ ان دہشت گردوں کو مکمل طور پر بیرونی مدد حاصل تھی

اجلاس میں قومی وداخلی سلامتی کو یقینی بنانے کے لئے اہم فیصلوں کی منظوری دی گئی اور اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ ریاست اور حکومت کسی قیمت پر دہشت گردوں کے آگے سرنگوں نہیں ہوگی اور نہ ہی ان سے کسی قسم کے مذاکرات ہوں گے بلکہ دہشت گردی میں ملوث اور ان کے ماسٹر مائنڈ اور سہولت کاروں کے خلاف پوری قوت سے نمٹا جائیگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں