راولپنڈی ۔بلوچستان میں جعفر ایکسپریس پر ہونے والے حملے کے بعد سیکیورٹی فورسز کا دہشت گردوں کے خلاف آپریشن اپنے اختتامی مراحل میں پہنچ چکا ہے، جس میں تمام دہشت گرد مارے جا چکے ہیں۔
سیکیورٹی ذرائع نے اطلاع دی کہ فورسز نے بڑی تعداد میں یرغمال بنائے گئے مسافروں کو آزاد کرالیا، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں، جنہیں دہشت گرد انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کر رہے تھے۔
ذرائع کے مطابق اس سے قبل 190 مسافروں کو بھی آزاد کرایا جا چکا ہے۔ کلیئرنس آپریشن کے دوران انتہائی احتیاط اور مہارت دکھائی گئی، جس کی بدولت کئی معصوم جانیں بچا لی گئیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ دہشت گردوں کی وحشیانہ کارروائی کا نشانہ بننے والے چند شہید مسافروں کی تعداد کا پتہ لگایا جا رہا ہے، تاہم تمام دہشت گردوں کو موقع پر ہی مار ڈالا گیا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا تھا کہ آپریشن کے متعلق مزید تفصیلات جلد فراہم کی جائیں گی۔