سلامتی کونسل کی ٹرین حملے کی مذمت؛ تمام ممالک سے پاکستان کیساتھ تعاون کرنے کی اپیل

نیویارک۔اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے بلوچستان میں جعفر ایکسپریس پر ہونے والے دہشت گردی کے واقعے اور مسافروں کو یرغمال بنانے کے عمل کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔

سیکیورٹی کونسل کے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا کہ تمام رکن ممالک اس مشکل وقت میں پاکستانی عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرتے ہیں۔

سلامتی کونسل نے جعفر ایکسپریس پر ہونے والے اس وحشیانہ حملے میں ملوث تمام عناصر، منصوبہ سازوں، مددگاروں اور مالی معاونین کو قانون کے کٹہرے میں لانے کی ضرورت پر زور دیا۔

اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ بین الاقوامی قوانین اور متعلقہ قراردادوں کے مطابق پاکستان کی حکومت کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔

کونسل کے ارکان نے واضح الفاظ میں کہا کہ دہشت گردی کے ایسے بھیانک واقعات کسی بھی طور پر قابلِ قبول نہیں ہو سکتے، چاہے ان کی وجوہات کچھ بھی ہوں، کہیں بھی اور کسی بھی فرد یا گروہ کے ذریعے انجام دیے گئے ہوں۔

سلامتی کونسل نے تمام ممالک سے مطالبہ کیا کہ وہ اقوام متحدہ کے منشور، بین الاقوامی انسانی حقوق کے قوانین، مہاجرین کے عالمی ضوابط اور بین الاقوامی قوانین کو بروئے کار لاتے ہوئے دہشت گردی کے خطرے سے نمٹنے کے لیے اقدامات کریں۔

بیان میں سیکیورٹی کونسل کے اراکین نے اپنے اس عزم کو دہرایا کہ دہشت گردی، اپنی تمام صورتوں اور مظاہر میں، عالمی امن و استحکام کے لیے ایک سنگین خطرہ ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں