اسلام آباد ۔وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ دانش یونیورسٹی دنیا کی معروف ترین جامعات کے ہم پلہ بنے گی جہاں جدید سائنسی علوم کی تعلیم دی جائے گی۔
اسلام آباد میں دانش یونیورسٹی آف ایمرجنگ سائنسز کے سائٹ ریویو کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ خوشی کا موقع ہے کہ یہاں 100 ایکڑ رقبہ دانش یونیورسٹی کے لیے مخصوص کر دیا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ ادارہ نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں اپنی اہمیت کا اعتراف حاصل کرے گا، خاص طور پر بہترین تعلیم، اساتذہ، تحقیق اور ترقی کے حوالے سے، اور اس یونیورسٹی کا مرکزی نکتہ ایپلیڈ سائنسز ہوگا۔ پورے پاکستان میں کئی عظیم تعلیمی ادارے موجود ہیں، لیکن جدید سائنسی علوم اور تحقیق و ترقی کے میدان میں اس نوعیت کی کوئی یونیورسٹی نہیں ہے جسے ہم عالمی سطح پر ممتاز سمجھ سکیں۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ یہ یونیورسٹی دنیا کی صف اول کی یونیورسٹیوں، جیسے کہ اسٹینفورڈ، برکلن، کولمبیا، یا ایم آئی ٹی کے ہم پلہ ہوگی۔ یعنی یہ دنیا کی ممتاز یونیورسٹیوں سے کسی بھی لحاظ سے کم نہیں ہوگی اور اگلے سال 14 اگست 2026 کو اس کا پہلا سیکشن فعال ہو جائے گا۔
شہباز شریف نے کہا کہ دنیا کے بہترین لوگ اس یونیورسٹی میں کام کریں گے، اور اس حوالے سے ہم دنیا بھر میں اپنے لوگوں سے تعاون حاصل کریں گے۔ اس یونیورسٹی کا حکومت پاکستان سے کوئی براہ راست تعلق نہیں ہوگا۔ جیسے ہم نے پنجاب کنڈی اینڈ لیور انسٹی ٹیوٹ کے لیے قانون بنایا تھا، اسی طرح یہاں بھی ایک فاؤنڈیشن اور گورننگ باڈی ہوگی جو اس یونیورسٹی کو چلائے گی اور حکومت پنجاب کا اس سے کوئی تعلق نہیں ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ دانش اسکولوں میں جو بچے انتہائی ذہین تھے مگر مالی لحاظ سے کمزور تھے، ان بچوں کو بہترین تعلیمی سہولتیں فراہم کی گئی ہیں۔ یہاں پر بہترین اساتذہ موجود ہیں، جو زیادہ تنخواہیں چھوڑ کر اپنے ملک کے بچوں کو تعلیم دینے کے لیے آئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر ہم اپنے بچوں کو تعلیم فراہم نہیں کریں گے تو وہ دیہات کی گمنامی میں کھو جائیں گے۔ اگر ہم اپنے ملک میں اعلیٰ معیار کی تعلیم فراہم نہیں کریں گے، تو ہمارا ملک وہ عظمت اور ترقی حاصل نہیں کر سکے گا جس کا وہ حق دار ہے۔
وزیراعظم نے بتایا کہ اس یونیورسٹی کی تعمیر پر 190 ملین پاؤنڈ کی خطیر رقم خرچ کی جا رہی ہے، اور وہ سابق اور موجودہ چیف جسٹس صاحبان کے شکر گزار ہیں جنہوں نے یہ رقم سپریم کورٹ کے اکاؤنٹس سے واپس کی اور کہا کہ اس کا اس سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ اس یونیورسٹی میں امیر و غریب کے بچے دونوں تعلیم حاصل کریں گے۔ صاحب حیثیت افراد فیس ادا کریں گے، جبکہ ذہین غریب بچے میرٹ کی بنیاد پر یہاں تعلیم حاصل کریں گے۔