پاکستان ایک ذمہ دار ملک ہے، بھارت متنازع ردعمل سے گریز کرے گا؛ امریکہ

اسلام آباد ۔امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کا کہنا ہے کہ پاکستان ایک ذمہ دار ریاست ہے اور ہم توقع کرتے ہیں کہ بھارت پہلگام واقعے پر ایسا ردعمل نہ دے جو خطے میں کسی نئی کشیدگی کو جنم دے۔

عالمی خبر رساں اداروں کے مطابق، امریکہ نے مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں پیش آنے والے حالیہ سانحے پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ بھارت اس واقعے کا ردعمل انتہائی تدبر اور ضبط کے ساتھ دے گا تاکہ جنوبی ایشیا میں امن و امان متاثر نہ ہو۔ نائب صدر وینس نے کہا کہ پاکستان نے اس معاملے کی تحقیق میں تعاون کی پیش کش کی ہے جو ایک ذمہ دارانہ طرز عمل ہے۔

ایک بین الاقوامی نشریاتی ادارے کو دیے گئے انٹرویو میں جے ڈی وینس نے کہا کہ امریکہ کا مؤقف واضح ہے کہ جنوبی ایشیا میں استحکام برقرار رہنا چاہیے، اور پہلگام واقعے پر بھارت کو صبر و حکمت کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے پہلے ہی واضح کیا ہے کہ وہ بھارت کے ساتھ مل کر شفاف تحقیقات کے لیے تیار ہے۔

یہ یاد رہے کہ 22 اپریل کو پہلگام میں پیش آنے والے ایک اندوہناک واقعے میں 26 افراد ہلاک ہو گئے تھے، جن میں غیر ملکی سیاح بھی شامل تھے۔ بھارتی حکومت نے واقعے کے فوراً بعد کسی ٹھوس ثبوت کے بغیر اس کا تعلق پاکستان سے جوڑنے کی کوشش کی، جسے پاکستان کی سیاسی اور عسکری قیادت نے یکسر مسترد کرتے ہوئے اقوام متحدہ یا کسی غیر جانبدار عالمی ادارے کے تحت تحقیقات کا مطالبہ کیا۔

اس کے علاوہ، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور دنیا کے دیگر کئی ممالک کے رہنما اور سفارتکار اس واقعے کی مذمت کر چکے ہیں۔ امریکہ نے کسی بھی فریق پر براہ راست الزام عائد کرنے کے بجائے، دونوں ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ تناؤ کو کم کرنے کے لیے باہمی مشاورت اور رابطہ قائم رکھیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں