بھارت کی جنگی دھمکیاں: ’پاکستان اپنے دفاع میں جوہری اور روایتی طاقت استعمال کرے گا‘

نئی دہلی ۔بھارت کی جانب سے جنگی عزائم اور پاکستان پر حملے کی مبینہ منصوبہ بندی کے انکشافات کے بعد، پاکستان نے دوٹوک موقف اختیار کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ کسی بھی قسم کی جارحیت کا جواب پوری قوت، بشمول جوہری صلاحیت، سے دیا جائے گا۔

روس میں تعینات پاکستان کے سفیر، محمد خالد جمالی نے روسی میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں کہا کہ پاکستان اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں کرے گا اور ہر ممکن طریقے سے دشمن کی مہم جوئی کا منہ توڑ جواب دے گا۔

انہوں نے بھارت کو کھلے الفاظ میں خبردار کیا کہ اگر اس کی جانب سے حملہ کیا گیا تو پاکستان مکمل طاقت، خواہ وہ روایتی ہو یا غیر روایتی، استعمال کرنے سے گریز نہیں کرے گا۔ سفیر نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستانی افواج پیشہ ورانہ مہارت سے لیس ہیں اور انہیں پوری قوم کی حمایت حاصل ہے۔

انٹرویو میں محمد خالد جمالی نے بھارت کی جانب سے ماضی میں کیے گئے فالس فلیگ آپریشنز، بالخصوص پہلگام واقعے، کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ بھارت ان واقعات کو بنیاد بنا کر پاکستان پر الزامات عائد کرتا رہا ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر پانی جیسے حساس مسئلے پر بھارت نے کسی قسم کی مداخلت کی تو اسے اعلانِ جنگ تصور کیا جائے گا۔

سفیر نے عالمی برادری، خاص طور پر چین اور روس، سے مطالبہ کیا کہ وہ پہلگام حملے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات میں حصہ لیں تاکہ حقائق دنیا کے سامنے لائے جا سکیں۔

محمد خالد جمالی نے یہ بھی انکشاف کیا کہ بعض خفیہ دستاویزات کے مطابق بھارت پاکستان کے مخصوص علاقوں کو نشانہ بنانے کی تیاری کر رہا ہے، جس سے دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی مزید بڑھنے کا اندیشہ ہے۔ انہوں نے بھارتی میڈیا کی اشتعال انگیزی اور قیادت کے غیر ذمہ دارانہ بیانات کو بھی موجودہ صورتِ حال کا محرک قرار دیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں