پیرس اولمپکس سے نکالی گئی خاتون تیراک نے واپسی کا عندیہ دیدیا

لندن۔ پیرس اولمپکس سے نکالے جانے والی پیراگوئے کی نوجوان تیراک لوانا الونسو نے لاس اینجلس 2028 اولمپکس میں دوبارہ شرکت کا عندیہ دے دیا ہے۔

لوانا الونسو کو پیرس اولمپکس کی انتظامیہ نے “نامناسب ماحول” پیدا کرنے کے الزام میں اولمپکس ویلیج سے باہر نکال دیا تھا۔ لوانا نے 27 جولائی 2024 کو 100 میٹر بٹر فلائی تیراکی کے سیمی فائنل تک رسائی حاصل کی تھی، جو ان کے کیریئر کا ایک اہم موقع تھا۔

اولمپکس حکام کے مطابق لوانا نے گیمز کے اصول و ضوابط کی خلاف ورزی کی تھی، کیونکہ وہ مقابلے کے بعد پیرس کے ڈزنی لینڈ گھومنے چلی گئیں، جو قواعد کے منافی اقدام سمجھا گیا۔

پیراگوئے کی اولمپک کمیٹی کی صدر لاریسا شیرر نے بھی اس معاملے پر مؤقف دیتے ہوئے کہا تھا کہ لوانا کی موجودگی ٹیم کے ماحول کو متاثر کر رہی تھی، جس کے باعث یہ قدم اٹھانا پڑا۔

اخراج کے بعد، 20 سالہ لوانا الونسو نے انسٹاگرام پر اپنے مداحوں سے رخصت لیتے ہوئے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔ انہوں نے کہا: “میں تیراکی سے ریٹائر ہو رہی ہوں، میرے ساتھ دینے والوں کا شکریہ، اور پیراگوئے سے معذرت۔”

بعدازاں، انہوں نے ایک ویب سائٹ پر اپنی تصاویر اور ویڈیوز شیئر کرنے کا عندیہ بھی دیا، جسے متنازعہ قرار دیا گیا۔ تاہم حالیہ دنوں میں، جب ایک فالوور نے ان سے سوال کیا کہ کیا وہ اولمپکس میں واپس آئیں گی، تو لوانا نے ممکنہ واپسی کا اشارہ دے دیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں