لاہور۔پاکستانی شوبز انڈسٹری کی سینئر اور ہر دلعزیز اداکارہ بشریٰ انصاری نے اپنی 69ویں سالگرہ کے موقع پر عمر کے حوالے سے مثبت رویہ اپناتے ہوئے عمر چھپانے کے رجحان پر سوال اٹھایا ہے۔
اپنے یوٹیوب چینل پر جاری کردہ ویڈیو پیغام میں انہوں نے واضح کیا کہ انہیں اپنی عمر بتانے میں کوئی ہچکچاہٹ نہیں، بلکہ وہ اسے اللہ کی طرف سے عطا کی گئی نعمت، تجربات اور سیکھنے کے سفر کا تسلسل سمجھتی ہیں۔
بشریٰ انصاری نے معاشرتی رویوں پر گفتگو کرتے ہوئے اس امر پر افسوس ظاہر کیا کہ ہمارے ہاں بڑھتی عمر کو ایک حساس یا ممنوع موضوع بنا دیا جاتا ہے، خاص طور پر خواتین کے لیے۔ ان کے مطابق، ماضی میں لوگ شادی یا بہتر مواقع کے لیے اپنی عمر چھپایا کرتے تھے، لیکن انہوں نے خود کبھی ایسا نہیں کیا اور نہ کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اصل اہمیت دل و دماغ کی توانائی اور روح کی جوانی کی ہے، جسمانی ظاہری عمر اتنی اہم نہیں۔ انہوں نے ہنستے ہوئے کہا کہ اگر وہ جھوٹ بول کر اپنی عمر کم بھی ظاہر کریں، تو بھی وہ نہ ماہرہ خان جیسے کردار حاصل کر سکتی ہیں، نہ ہانیہ عامر کی جگہ لے سکتی ہیں۔
بشریٰ انصاری نے اپنی صحت مند اور خوشحال زندگی پر خدا کا شکر ادا کیا اور پرستاروں سے دعا کی درخواست بھی کی۔