نئی دہلی ۔انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں پنجاب کنگز کی شریک مالک اور معروف اداکارہ پریتی زنٹا ایک بار پھر سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی اپنی جعلی تصویر پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے خبروں کی سرخیوں میں آگئیں۔
حال ہی میں سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر ایک تصویر گردش کرنے لگی جس میں پریتی زنٹا کو پنجاب کنگز کے نوجوان کھلاڑی ویبھو سوریاونشی کو بظاہر گلے لگاتے ہوئے دکھایا گیا۔ تاہم، اداکارہ نے اس تصویر کو من گھڑت قرار دیتے ہوئے اس کی تردید کر دی ہے۔
پریتی زنٹا نے مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ “ایکس” (سابقہ ٹوئٹر) پر اس تصویر کو اے آئی (مصنوعی ذہانت) سے تخلیق شدہ قرار دیتے ہوئے حیرت کا اظہار کیا کہ متعدد نیوز چینلز نے بھی اسے حقیقت سمجھ کر نشر کیا۔
انہوں نے کہا:“یہ افسوسناک ہے کہ نیوز ادارے تحقیق کیے بغیر ایسی جعلی تصاویر استعمال کر رہے ہیں، جو نہ صرف گمراہ کن ہیں بلکہ بدنامی کا سبب بھی بن سکتی ہیں۔”
اس معاملے کے پس منظر میں، چند روز قبل جے پور کے سوائی مان سنگھ اسٹیڈیم میں پنجاب کنگز اور راجستھان رائلز کے درمیان میچ کے دوران پریتی زنٹا کی ویبھو سوریاونشی سے مختصر بات چیت کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی۔ تاہم، راجستھان رائلز کے آفیشل سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر شیئر کی گئی اصلی فوٹیج میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ دونوں کے درمیان صرف رسمی گفتگو ہوئی، اور تصویر میں دکھایا گیا گلے لگانے کا منظر حقیقت سے مطابقت نہیں رکھتا۔