اسلام آباد ۔ امریکہ میں مقبول ویڈیو گیم فورٹ نائٹ ایک بار پھر آئی فون صارفین کے لیے دستیاب ہو گئی ہے۔ ایپک گیمز کے مطابق، صارفین اب یہ گیم ایپک گیمز اسٹور یا آلٹ اسٹور کے ذریعے ڈاؤن لوڈ کر سکتے ہیں۔
ایپل نے تقریباً پانچ سال قبل اس گیم کو اپنے ایپ اسٹور سے ہٹا دیا تھا۔ یہ اقدام اس وقت اٹھایا گیا جب ایپک گیمز نے فورٹ نائٹ میں اپنا علیحدہ اِن ایپ ادائیگی کا نظام متعارف کرایا تھا، جس سے ایپل کے اصولوں کی خلاف ورزی ہوئی۔
ایپک اور ایپل کے درمیان اس تنازع پر ایک طویل عدالتی کارروائی ہوئی، جس کے نتیجے میں عدالت نے فیصلہ دیا کہ ایپل ایپ سے باہر کی جانے والی خریداری پر کمیشن وصول نہیں کر سکتا۔ اس فیصلے کے بعد فورٹ نائٹ امریکا میں ایک بار پھر آئی فون صارفین کے لیے بحال کر دی گئی ہے۔
ایپک گیمز کے سی ای او، ٹم سوئینی نے ایک پیغام میں کہا کہ کمپنی فورٹ نائٹ کو امریکا میں آئی او ایس پلیٹ فارم پر واپس لا رہی ہے۔ انہوں نے ایپل کو تجویز دی کہ اگر وہ عالمی سطح پر ایک ایسا نظام متعارف کرائے جس میں نہ کوئی پیچیدگی ہو اور نہ ہی ایپل کا کمیشن شامل ہو، تو ایپک گیمز فورٹ نائٹ کو ایپ اسٹور پر دوبارہ لانے کے لیے تیار ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی کہا کہ ایسی صورت میں جاری اور آئندہ ممکنہ قانونی مقدمات کو ختم کیا جا سکتا ہے۔