لاہور۔ڈراما انڈسٹری کی دو قریبی دوست اور مقبول اداکارائیں، ہانیہ عامر اور یشما گل، ایک بار پھر سوشل میڈیا پر زیرِ بحث آ گئی ہیں—مگر اس بار معاملہ مذاق سے کچھ آگے نکلتا محسوس ہو رہا ہے۔
حال ہی میں دونوں کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی ہے جس میں وہ ایک دوسرے کو انگوٹھیاں پہنا رہی ہیں۔ ویڈیو میں یشما گل کو یہ کہتے سنا جا سکتا ہے:
“ہانیہ کی میرے ساتھ شادی ہوگئی ہے، یہ اب میری ہے”—جس پر دونوں کھل کر ہنستی ہیں۔
یہ ویڈیو ایک جیولری اسٹور کی ہے، جہاں دونوں اداکارائیں خریداری کے لیے گئی ہوئی تھیں، اور بظاہر یہ سب ایک دوستانہ مذاق کا حصہ لگتا ہے۔ دونوں سادہ لباس میں نظر آئیں، جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ وہ کسی عام دن کی شاپنگ کے لیے نکلی تھیں۔
تاہم، سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے اس ویڈیو پر مخلوط ردعمل سامنے آیا ہے۔
کئی صارفین نے اسے غیر مناسب قرار دیتے ہوئے تنقید کی کہ ایسی حرکات پاکستانی معاشرتی اقدار سے میل نہیں کھتیں۔
ایک صارف نے تبصرہ کیا:
“مشہور ہونا اس بات کی اجازت نہیں دیتا کہ آپ کچھ بھی کریں، ہمیں اپنے کلچر اور اخلاقیات کا خیال رکھنا چاہیے۔”
کچھ صارفین نے اس ویڈیو کو محض ایک معصوم مذاق قرار دیا اور کہا کہ دونوں اداکاراؤں کے چہرے کے تاثرات اور ماحول سے صاف ظاہر ہے کہ یہ کسی سنجیدہ تعلق یا پیغام کا اشارہ نہیں تھا۔
تاہم، ہانیہ عامر اور یشما گل نے ابھی تک اس ویڈیو کے حوالے سے کوئی وضاحت یا ردعمل نہیں دیا، جس کے باعث چہ مگوئیاں اور قیاس آرائیاں مزید بڑھ رہی ہیں۔