40 سال تک صفائی کرکے پیسے جمع کرنے والا انڈونیشیا کا جوڑا حج کرنے پہنچ گیا

ریاض ۔ انڈونیشیا سے تعلق رکھنے والا ایک بزرگ جوڑا، جو گزشتہ 40 برسوں سے حج کے لیے پیسے جمع کر رہا تھا، بالآخر اپنے خواب کو حقیقت میں بدلتے ہوئے سعودی عرب پہنچ گیا۔

عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق، صفائی کا کام کرنے والے اس محنت کش شخص کا نام لیگیمین ہے، جنہوں نے اپنی اہلیہ کے ساتھ مل کر دہائیوں تک محنت کی تاکہ مقدس فریضہ ادا کیا جا سکے۔ ان کی اہلیہ بھی صفائی کے کام میں ان کا ہاتھ بٹاتی رہی ہیں۔

سعودی پریس ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے لیگیمین نے کہا: “حج کی خواہش میرے دل میں چالیس سال سے تھی، اور آج اللہ نے وہ لمحہ دکھایا ہے۔ مجھے اب بھی یقین نہیں آ رہا کہ میں خانہ کعبہ اپنی آنکھوں سے دیکھنے جا رہا ہوں۔”

یہ واقعہ سوشل میڈیا پر بھی بے حد مقبول ہو رہا ہے، جہاں صارفین اس جوڑے کی محنت، صبر اور عزم کو سراہ رہے ہیں، اور انہیں دعاؤں سے نواز رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں