بھارت کی پاکستان کو ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ میں شامل کرانے کی کوشش

نئی دہلی۔بھارت کی پاکستان کے خلاف عالمی سطح پر معاشی دباؤ ڈالنے کی کوششیں ایک بار پھر بے نقاب ہو گئی ہیں۔

سفارتی ذرائع اور ماہرینِ سیاست کے مطابق، بھارت نے نہ صرف پاکستان کے خلاف بین الاقوامی سطح پر جھوٹی مہم شروع کر رکھی ہے بلکہ اسے دوبارہ ایف اے ٹی ایف (فنانشل ایکشن ٹاسک فورس) کی گرے لسٹ میں شامل کروانے کے لیے بھرپور لابنگ بھی جاری ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارت کی طرف سے ایف اے ٹی ایف کو جو مواد فراہم کیا گیا ہے، وہ بے بنیاد دعوؤں اور الزامات پر مشتمل ہے، جس کا مقصد پاکستان پر مالیاتی دباؤ ڈال کر اس کی ترقیاتی رفتار کو سست کرنا ہے۔ ماہرین کے مطابق بھارت پاکستان کی اقتصادی بحالی اور مستقبل کے ترقیاتی امکانات سے خائف ہے اور ان میں رکاوٹ ڈالنا چاہتا ہے۔

تجزیہ کاروں کا ماننا ہے کہ بھارت نے حال ہی میں پاکستان کے لیے عالمی بینک کی طرف سے منظور کردہ 20 ارب ڈالر کے ترقیاتی منصوبوں کی مخالفت کی ہے، جو اس کے بدنیتی پر مبنی عزائم کو واضح کرتی ہے۔ اس مخالفت کا مقصد پاکستان کو مالی معاونت سے محروم کرنا اور ترقیاتی سرگرمیوں کو روک کر ملک میں اندرونی عدم استحکام پیدا کرنا ہے۔

ماہرین کا مزید کہنا ہے کہ بھارت خطے میں اپنی بالادستی کو قائم رکھنے کے لیے عالمی سطح پر پاکستان کے خلاف منفی مہمات چلا رہا ہے۔ یہ اقدامات نہ صرف سیاسی مخاصمت کی علامت ہیں بلکہ پاکستان کی بین الاقوامی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی کوشش بھی ہیں۔

تجزیہ کار اس بات پر زور دیتے ہیں کہ بھارت دنیا کو گمراہ کرنے کی سعی کر رہا ہے، جبکہ پاکستان مسلسل شفافیت، مالیاتی نظم و ضبط، اور عالمی قوانین کی پاسداری کے لیے کوشاں ہے۔

پاکستانی حکام نے عالمی برادری سے اپیل کی ہے کہ وہ بھارتی پروپیگنڈے کا شکار نہ بنے اور خطے میں امن و استحکام کے قیام کے لیے پاکستان کی مثبت کوششوں کو سراہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں