خضدار : بلوچستان کے ضلع خضدار میں اسکول بس پر ہونے والے حملے میں شہید طلبہ کی تعداد 8 ہو گئی ہے۔ سیکیورٹی حکام کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ بھارت کی سرپرستی میں سرگرم دہشت گردوں کی کارروائی تھا، جس کا ہدف معصوم پاکستانی بچے بنے۔
حملے میں شدید زخمی ہونے والی شیما ابراہیم اور مسکان جانبر نہ ہو سکیں اور زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہو گئیں۔ یوں مجموعی طور پر شہداء کی تعداد آٹھ ہو گئی ہے، جن میں سات طالبات اور ایک طالب علم شامل ہے۔
اس افسوسناک خود کش حملے کے پہلے روز چھٹی جماعت کی طالبہ ثانیہ سومرو، ساتویں جماعت کی حفظہ کوثر اور دسویں جماعت کی عیشا سلیم موقع پر ہی شہید ہو گئی تھیں۔ بعد ازاں دورانِ علاج طالب علم حیدر، ملائکہ اور سحر سلیم نے بھی جامِ شہادت نوش کیا۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ بزدلانہ کارروائی دہشت گرد ریاست بھارت میں منصوبہ بندی کے تحت انجام دی گئی، جس کا مقصد پاکستان میں عدم استحکام پھیلانا اور معصوم شہریوں کو نشانہ بنانا تھا۔
حکام کا کہنا ہے کہ ان معصوم جانوں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا اور اس بھیانک جرم کا حساب بھارت اور اس کے سرپرستوں سے ضرور لیا جائے گا۔