لاہور۔قومی کرکٹ کے درخشاں ستارے ایک بار پھر میدانِ کرکٹ کی جانب لوٹ آئے ہیں۔پاکستان کے مایہ ناز سابق کرکٹرز جیسے شاہد آفریدی، انضمام الحق، محمد حفیظ، سہیل تنویر، سعید اجمل، عمران نذیر، شرجیل خان اور عمر اکمل شائقین کو ایک بار پھر اپنی کرکٹ مہارت کا مظاہرہ کرتے نظر آئیں گے۔
یہ تمام سابق کھلاڑی شارجہ میں منعقد ہونے والے ایک ٹیپ بال کرکٹ ٹورنامنٹ میں حصہ لیں گے، جس میں دنیا بھر سے کئی غیر ملکی کھلاڑی بھی شامل ہوں گے۔
اس موقع پر انضمام الحق نے کہا:پاکستان میں ہر نوجوان کھلاڑی کا سفر ٹیپ بال کرکٹ سے شروع ہوتا ہے۔ ہم نے اس ایونٹ کے ذریعے نوجوان ٹیلنٹ کو اجاگر کرنے اور کرکٹ کے فروغ کیلئے عملی قدم اٹھایا ہے۔”
دوسری جانب شاہد آفریدی نے بھی اپنی پرانی یادیں تازہ کرتے ہوئے کہا:میں نے اپنا ابتدائی کرکٹ سفر ٹیپ بال سے شروع کیا، اور اب تاریخی شارجہ اسٹیڈیم میں دوبارہ اسی انداز میں کھیلنا ماضی کی یادوں کو تازہ کر دے گا۔”
ایونٹ کے منتظمین کے مطابق، اس ٹورنامنٹ کا مقصد نوجوانوں کو کھیلوں کی جانب متوجہ کرنا اور کرکٹ کے ذریعے مثبت سرگرمیوں کو فروغ دینا ہے۔
یہ ایونٹ نہ صرف شائقینِ کرکٹ کے لیے دلچسپی کا باعث ہوگا بلکہ نوجوان نسل کے لیے بھی ایک متاثرکن موقع فراہم کرے گا کہ وہ اپنے ہیروز کو ایک بار پھر ایکشن میں دیکھ سکیں۔